لاس اینجلس اولمپکس میں2028 میں ہونیوالے کرکٹ کی تاریخی واپسی کے لیے ٹیموں کی کوالیفکیشن کا طریقہ کار طے کرلیا گیا۔
کرکٹ سن 1900 کے پیرس اولمپکس کے بعد اب پہلی بار 2028 کے اولمپک گیمز میں واپس آ رہی ہے، جہاں مینز اور ویمنز کی ٹیموں کے مقابلے ٹی 20فارمیٹ میں کھیلے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: انگلش ٹیسٹ کپتان بین اسٹوکس کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ
آئی سی سی کے مطابق لاس اینجلس اولمپکس کے کرکٹ ایونٹس میں مینز اور ویمنز ایونٹس میں 6،6 ممالک کی ٹیمیں شریک ہوں گی ،4 ٹیمیں 4 براعظموں ، افریقا، ایشیا، یورپ اور اوشنیا کی نمائندگی کریں گی۔
ٹیموں کا فیصلہ موجودہ آئی سی سی ایونٹس اور ٹی 20رینکنگز کی بنیادپرہوگا۔ آئی سی سی رینکنگ میں ہر برا عظم کی ٹاپ ٹیم براہ راست اولمپکس میں کوالیفائی کرے گی۔
بطور میزبان امریکا کوالیفائی کرنے کا اہل ہے بشرطیہ کہ وہ رینکنگ میں ٹاپ 15 ٹیموں میں شامل ہو جبکہ چھٹی ٹیم کا فیصلہ آئی سی سی اولمپک کوالیفائر ایونٹس کے ذریعے ہوگا۔
کوالیفائر ایونٹس میں 8،8 ٹیمیں حصہ لیں گی ، جس کا شیڈول آئی سی سی بعد میں جاری کرے گا ۔
اولمپکس میں شریک 6 ٹیموں کو 2گروپس میں تقسیم کیا جائےگا ،جس کی ٹاپ 2 ٹیمیں مخالف گروپ کی مختلف پوزیشنوں والی ٹیموں کے ساتھ بھی میچز کھیلیں گی ، جس کے بعد ٹاپ کی 2 ٹیموں کےدرمیان گولڈمیڈل اور سلور میڈل کا میچ ہوگا تیسری اور چوتھی ٹیم کےدرمیان برانز میڈل کا میچ کھیلا جائےگا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے 2028 کے لاس اینجلس اولمپکس میں کرکٹ کے کوالیفکیشن طریقۂ کار کے اعلان کے بعد پاکستان کی مینز اور ویمنز کی کرکٹ ٹیموں کے لیے اولمپکس تک رسائی کا راستہ مشکل ہے پر ناممکن نہیں۔پاکستان کی مینز ٹیم کو سخت چیلنج درپیش ہے۔
آئی سی سی کے مطابق 31 دسمبر 2026 تک آئی سی سی مینز ٹی 20انٹرنیشنل رینکنگ میں ایشیا سے سب سے اعلیٰ رینک ٹیم براہ راست اولمپکس کے لیے کوالیفائی کرے گی۔ اس وقت بھارت سرفہرست ہے اور اس نشست کا مضبوط امیدوار سمجھا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: قومی ویمنز ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا دی ہنڈرڈ کھیلنے والی پہلی پاکستانی کرکٹر بن گئیں
اگر پاکستان ایشیا میں ٹاپ رینک حاصل نہ کر سکا تو اسے2027 کا آئی سی سی اولمپکس کوالیفائر کھیلنا اور اس ٹورنامنٹ کو جیتنا ہوگا تاکہ لاس اینجلس 2028 تک رسائی ممکن ہو۔
ویمنز ایونٹ کے لیے آسٹریلیا، بھارت، برطانیہ اور جنوبی افریقا نے آئی سی سی رینکنگ اور ٹی 20ورلڈ کپ کی بنیاد پر براہ راست اولمپکس کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے ۔ویمنز ایونٹ میں پاکستانی ٹیم براہ راست کوالیفکیشن سے محروم ہو چکی ہے۔
اب پاکستان ویمنز ٹیم کو 2027 میں ہونے والے آئی سی سی اولمپکس کوالیفائر کے لیے اہل ٹیموں میں شامل ہونا ہوگا۔ اس کوالیفائر کا فاتح اولمپکس کی آخری نشست حاصل کرے گا۔ یہ کوالیفائر آئی سی سی ٹی 20انٹرنیشنل رینکنگ کی بنیاد پر ہوگا۔




