نیلم (کشمیر ڈیجٹل نیوز+سردار اورنگزیب سے) وادی نیلم کے دور افتادہ علاقہ گھموٹ میں مواصلاتی سہولیات کی فراہمی کے سلسلے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔
یونین کونسل سرگن کے آخری گاؤں گھموٹ/ سام گام میں اسپیشل کمیونیکیشنز آرگنائزیشن (ایس سی او) کی جانب سے موبائل سروس کا آغاز کر دیا گیا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر بیوروکریسی میں اکھاڑ پچھاڑ، 7 اعلیٰ افسران تبدیل، نوٹیفکیشن جاری
سروس کا باقاعدہ افتتاح کمانڈنگ آفیسر ایس سی او آزاد کشمیر نے کیا۔ افتتاحی تقریب میں مجسٹریٹ ضلع نیلم،ایس ایچ او تھانہ شاردا ممبر عزیز، مقامی عمائدین اور علاقے کے لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر مقررین نے کہا کہ گھموٹ سام گام جیسے دشوار گزار اور دور افتادہ علاقے میں مواصلاتی سروس کی فراہمی مقامی آبادی کے دیرینہ مطالبے کی تکمیل ہے۔
موبائل سروس دستیاب ہونے سے مقامی لوگوں کو ملک کے دیگر علاقوں سے رابطے، ہنگامی حالات میں امداد طلب کرنے، کاروباری معاملات اور دیگر ضروری امور میں سہولت میسر آئے گی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:بھارت نے 29ستمبر کو فالس فلیگ آپریشن کے ذریعے نیا ڈرامہ رچایا ، ترجما ن پاک فوج
مقامی آبادی نے گھموٹ سام گام میں ایس سی او سروس کی فراہمی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ایس سی او حکام کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ وادیٔ نیلم کے دیگر دور افتادہ علاقوں میں بھی مواصلاتی سہولیات کو مزید وسعت دی جائے گی۔
مقامی افراد کا کہنا تھا کہ دشوار گزار جغرافیہ اور طویل عرصے سے مواصلاتی سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث انہیں روزمرہ زندگی میں مشکلات کا سامنا تھا، تاہم نئی سروس کے آغاز سے علاقے میں رابطوں کا ایک اہم خلا پُر ہو گیا ہے۔




