افسران عدالتی امور میں بروقت رسپانس یقینی بنائیں،جج ادریس بھٹی کی ہدایات جاری

کوٹلی(کشمیر ڈیجیٹل) عدالت العالیہ آزاد جموں و کشمیر کی ہدایات کی روشنی میں عدلیہ اور انتظامیہ کے درمیان باہمی رابطہ اور مختلف انتظامی و عدالتی امور کو مؤثر بنانے کیلئے ماہانہ کوآرڈینیشن میٹنگ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کوٹلی محمد ادریس بھٹی کی زیر صدارت منعقد ہوئی۔

اجلاس میں عدالتی احکامات پر عملدرآمد میں مزید تیزی لانے ،عدالتی تعمیلات، میڈیکو لیگل رپورٹس کی بروقت عدالت میں پیشی، پولیس و ریونیو سے متعلق امور، قیدیوں کو بروقت عدالتوں میں پیش کرنے، جوڈیشل لاک اَپ اور عدالتی عمارات سمیت مختلف معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد ادریس بھٹی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماہانہ کوآرڈینیشن میٹنگ میں کیے گئے فیصلوں پر آئندہ اجلاس تک عملی پیش رفت یقینی بنائی جائے اور ہر متعلقہ ادارہ اپنے حصے کی ذمہ داری بروقت پوری کرے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر بیوروکریسی میں اکھاڑ پچھاڑ، 7 اعلیٰ افسران تبدیل، نوٹیفکیشن جاری

انہوں نے کہا کہ انصاف کی فراہمی کے عمل میں حائل رکاوٹوں اور خامیوں کی نشاندہی کرکے ان کے مستقل حل کیلئے مؤثر نظام وضع کیا جائے تاکہ ایک ہی نوعیت کے مسائل بار بار سامنے نہ آئیں۔

متعلقہ افسران عدالتی امور سے متعلق معاملات میں مثبت اور بروقت رسپانس کو یقینی بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ عدالتی احکامات اور تعمیلات کی بروقت تکمیل نہ ہونے سے مقدمات کی کارروائی متاثر ہوتی ہے اس لئے متعلقہ محکموں کے افسران اپنی ذمہ داریاں مقررہ مدت کے اندر پوری کریں۔

دیوانی مقدمات میں عدالتی تعمیلات کے حوالے سے بھی بروقت کارروائی ضروری ہے، جبکہ میڈیکو لیگل رپورٹس عدالتوں میں مقررہ وقت پر پیش نہ ہونے سے مقدمات کی کارروائی متاثر ہوتی ہے، اس مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے کہا کہ پولیس کی جانب سے عدالتوں کے ساتھ عمومی طور پر تعاون کیا جا رہا ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر :سرکاری ہسپتالوں میں فیس سکیننگ حاضری لازمی قرار، نوٹیفکیشن جاری

ریونیو سے متعلق مقدمات میں پٹواریوں کی بروقت عدالتوں میں پیشی اور موقع پر جا کر ضروری کارروائی مکمل کرنے کو یقینی بنایا جائے تاکہ مقدمات کو غیر ضروری طوالت سے بچایا جا سکے۔

انہوں نے نامکمل چالان اور دیگر ضروری دستاویزات کی تکمیل پر بھی خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں چڑہوئی ،سہنسہ اور فتح پور تھکیالہ میں عدالتوں کی عمارتوں سے متعلق بھی امور زیر غور آئے جن پر متعلقہ محکمہ کو ہدایات جاری کی گئیں۔

میٹنگ میں محکمہ صحت کی جانب سے میڈیکو لیگل رپورٹس کی بروقت فراہمی کے معاملے پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔

میڈیکل بورڈ ناگزیر صورت میں ہی بنایا جائے اس حوالے سے ہدایت کی گئی کہ عدالتوں کی جانب سے طلب کردہ میڈیکو لیگل رپورٹس کو ترجیحی بنیادوں پر تیار کرکے مقررہ مدت میں پیش کیا جائے۔

اجلاس کے شرکاء نے عدلیہ، انتظامیہ، پولیس، محکمہ صحت اور ریونیو سمیت تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ برقرار رکھنے اور باہمی تعاون سے عدالتی امور کو بروقت نمٹانے کے عزم کا اظہار کیا۔

اجلاس میں ضلع و تحصیل قاضی صاحبان ،جوڈیشل افیسران ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عفت اعظم،انچارج ایس پی سردار افتخار ،ایکسئین بلڈنگز رضوان شبیر مرزا ،ایم ایس ڈی ایچ کیو ڈاکٹر نصراللہ صادق ،ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر شوکت علی ملک،پی ڈی ایس پی،جیل سپرنٹنڈنٹ اور دیگر حکام نے شرکت کی۔