مظفرآباد: آزادکشمیر ہائیکورٹ نے چیئرمین ضلع کونسل باغ کے ضمنی انتخاب کے شیڈول کے خلاف دائر رٹ پٹیشن خارج کرتے ہوئے حکم امتناعی ختم کر دیا، الیکشن کمیشن کا انتخابی شیڈول بحال، ضمنی انتخاب 26 نومبر کو ہوگا۔
امیدواروں کی حتمی فہرست 24 نومبر کو جاری ہوگی جبکہ پولنگ صبح 10 سے دوپہر 12 بجے تک ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر ہائیکورٹ میں ایڈہاک ایکٹ کیس کی سماعت اگلے ہفتے تک ملتوی
یاد رہے کہ قائم مقام چیئرمین ضلع کونسل باغ راجہ فہیم فاروق کی درخواست پر ہائیکورٹ نے حکم امتناعی جاری کیا تھا۔
قائم مقام چیئرمین ضلع کونسل باغ راجہ فہیم فاروق کی جانب سے وکیل راجہ سجاد احمد خان ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے تھے اور موقف اپنا یا گیا ہے کہ چیئرمین ضلع کونسل باغ کی نشست خالی ہونے کے چار ماہ مکمل ہونے میں صرف ایک ماہ باقی ہے۔
قانون کے مطابق اگر کسی بلدیاتی نشست کی مدت میں چار ماہ سے کم وقت باقی ہو تو اس پر ضمنی انتخاب نہیں کرایا جا سکتا۔
عدالت نے درخواست پر حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے تمام فریقین کو نوٹسز جاری کر دئیے تھے اور الیکشن کمیشن سے جواب طلب کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر ہائیکورٹ،چیئرمین ضلع کونسل باغ کے انتخاب پر حکم امتناعی جاری
یہ بھی یاد رہے کہ چیئرمین ضلع کونسل باغ محمد آصف خان کے مستعفی ہونے کے بعد ضمنی انتخاب کا انعقاد کیا جارہا ہے۔




