مظفرآباد: وزیراعظم آزاد کشمیر نے حکومت کے 100 روزہ پروگرام کے تحت میرپور میں گرین بس روٹ کی 20 کلومیٹر طویل سڑک کی ری سرفیسنگ اور بحالی کے لیے 68 کروڑ 9 لاکھ 1 ہزار روپے کے ترقیاتی منصوبے کی باضابطہ انتظامی منظوری دیدی۔
حکومتی اعلامیے کے مطابق منصوبے کا مقصد میرپور کے شہریوں کو جدید، محفوظ اور معیاری سفری سہولیات فراہم کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:گرین بس منصوبے کی تکمیل کیلئے تاخیری حربہ قبول نہیں،ڈپٹی کمشنر ممتاز کاظمی
منصوبے کے تحت گرین بس روٹ کی سڑک کی بحالی اور ری سرفیسنگ کی جائے گی، جس سے ٹریفک کی روانی میں بہتری اور شہریوں کے روزمرہ سفر میں آسانی متوقع ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ منصوبہ حکومت کے 100 روزہ پروگرام کا حصہ ہے اور اس کی تکمیل سے میرپور میں پبلک ٹرانسپورٹ کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
ذرائع کے مطابق اسی کے ساتھ ساتھ وزیراعظم آزاد کشمیر کے 100 روزہ تبدیلی پروگرام کے تحت میرپور شہر کی خوبصورتی اور ترقی کے لیے جامع منصوبہ بندی شروع کر دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم افتخار گیلانی سے مہاجرین وفد کی ملاقات، بڑے مطالبات پیش کر دیئے
منصوبے میں باب سلطان کی تزئین و آرائش، خالق آباد میں نئے انٹری گیٹ، فٹبال چوک سمیت اہم چوراہوں کی ری ماڈلنگ، مرکزی شاہراہوں پر لینڈ اسکیپنگ، ثقافتی ورثے کی عکاسی کرنے والے فن پاروں اور قومی پرچموں کی تنصیب سمیت ایف ون عید گاہ پارک، سی ٹو، سی فور، ایف ٹو اور ایف فور پارکس کی بحالی و اپ گریڈیشن شامل ہے۔
اس منصوبے کا مقصد میرپور کو ایک خوبصورت، سرسبز اور جدید شہر بنانا اور شہریوں کو بہتر تفریحی سہولیات فراہم کرنا ہے۔
یاد رہے کہ الیکشن کے موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے آزادکشمیر کو گرین بسوں کا تحفہ دیا گیا تھا۔




