میرپور:آزاد کشمیر میں کالعدم ایکشن کمیٹی کی جانب سے سکولز، کالجز اور یونیورسٹیاں بند کرنے کے اعلان کو شہریوں اور طلبہ کی جانب سے شدید مخالفت اور مزاحمت کا سامنا ہے۔
شہریوں نے حکومتی اداروں سے اپیل کی کہ ہے ان عناصر کیخلاف سخت ایکشن لیا جائے اور کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کا باب ہمیشہ کیلئے بند کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیرحکومت کا بڑااقدام، کالعدم ایکشن کمیٹی کے مزید 52افراد فورتھ شیڈول میں شامل
میرپور سے کشمیر ڈیجیٹل کی نمائندہ حفصہ سید کی رپورٹ کے مطابق شہریوں کا کہنا ہے کہ کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے سابقہ اقدامات اور احتجاجی حکمت عملی ناکام ہونے کے بعد اب تعلیمی اداروں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، جو انتہائی تشو یشناک ہے۔
ان کا کہنا ہےکہ اس سے قبل کاروباری مراکز، دکانداروں اور تاجروں کو متاثر کرنے کی کوششیں کی گئیں جس کے باعث کاروباری سرگرمیوں کو شدید نقصان پہنچا۔
عوام کے ذہنوں کو متاثر کرنے اور انہیں مبینہ طور پر گمراہ کرنے کی کوششوں کے بعد اب نوجوان نسل کو اس صورتحال میں گھسیٹا جا رہا ہے۔
انہوں نے سوال اُٹھایا کہ آخر تعلیمی اداروں کی بندش سے کون سا مقصد حاصل کیا جا رہا ہے اور اس طرزِ عمل سے ریاست میں کس قسم کا امن قائم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے؟۔
طلبہ کے مستقبل پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے شہریوں نے کہا کہ کہا کہ نوجوان ابھی عملی زندگی میں قدم رکھنے کے مراحل میں ہیں اور تعلیم حاصل کرکے اپنے روشن مستقبل کی بنیاد رکھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایسے میں انہیں گھروں میں بٹھانا، سڑکوں پر لانا اور تعلیمی اداروں کو تالے لگانے کی طرف لے جانا کسی صورت مناسب نہیں۔
یہ بھی پڑھیں:ریاستی امن کیلئے کالعدم ایکشن کمیٹی کیخلاف کارروائی کی جائے،عوامی حلقے
شہریوں کا کہنا ہے کہ ہتھیار یا اسلحہ اُٹھانا ہی خطرناک نہیں ہوتا بلکہ نوجوانوں اور معصوم ذہنوں کو متاثر کرکے انہیں تعلیم سے دور کرنا بھی انتہائی نقصان دہ عمل ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ نوجوان نسل ریاست کا قیمتی سرمایہ ہے اور اس کے تعلیمی مستقبل کو کسی بھی احتجاجی یا سیاسی حکمت عملی کی بھینٹ نہیں چڑھانا چاہیے۔




