اسلام آباد: سینٹرل ڈیولپمنٹ ورکنگ پارٹی (CDWP) نے مجموعی طور پر 191.8 ارب روپے کی لاگت کے 11 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی، جن میں سے 19.3 ارب روپے مالیت کے 7 منصوبوں کی براہِ راست منظوری دی گئی جبکہ 172.4 ارب روپے کے 4 منصوبے حتمی منظوری کے لیے قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی (ایکنک) کو بھجوا دئیے گئے۔
اجلاس میں آزادکشمیر کیلئے بڑے منصوبوں کی بھی منظوری دیدی،اجلاس جمعہ کو وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات اور ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن احسن اقبال کی زیر صدارت اسلام آباد میں منعقد ہوا۔
آزادکشمیر میں میڈیکل کالج کیلئے 3 ارب 41 کروڑ منظور
صحت کے شعبے میں فورم نے میرواعظ مولوی محمد فاروق شہید میڈیکل کالج مظفرآباد، جسے آزاد جموں و کشمیر میڈیکل کالج مظفرآباد بھی کہا جاتا ہے، کے قیام کے نظرثانی شدہ منصوبے کی منظوری دے دی۔
پی ایس ڈی پی کے تحت مالی اعانت سے مکمل ہونے والے اس منصوبے کی لاگت 3 ارب 41 کروڑ 51 لاکھ روپے سے زائد بتائی گئی ہے۔ منصوبے کے تحت میڈیکل کالج کی عمارتیں تعمیر کی جائیں گی۔
آزادکشمیر اور گلگت بلتستان میں موبائل سروسز کی توسیع
سی ڈی ڈبلیو پی نے آزادکشمیر اور گلگت بلتستان میں موبائل فون سروسز کی توسیع کے منصوبے کی بھی منظوری دے دی، جس پر 4.4 ارب روپے لاگت آئے گی۔
زرعی شعبے کا 104.4 ارب روپے کا منصوبہ ایکنک کو ارسال
سی ڈی ڈبلیو پی نے پنجاب کے ریزیلینٹ اینڈ انکلوسیو ایگریکلچر ٹرانسفارمیشن (PRIAT) منصوبے کو حتمی منظوری کے لیے ایکنک بھجوانے کی سفارش کی۔ اس منصوبے کی مجموعی لاگت 104.4 ارب روپے ہے، جس میں عالمی بینک 91.12 ارب روپے جبکہ حکومت پنجاب 13.31 ارب روپے فراہم کرے گی۔
منصوبے کا مقصد کسانوں کی آمدنی میں اضافہ، زرعی پانی تک منصفانہ رسائی اور پانی کے مؤثر استعمال کو فروغ دینا ہے۔
نوجوانوں کے لیے 47.6 ارب روپے کا منصوبہ ایکنک کو بھجوانے کی سفارش
وزیراعظم یوتھ اسکل ڈویلپمنٹ پروگرام (2023-28) کے تیسرے نظرثانی شدہ منصوبے کی اصولی منظوری دیتے ہوئے اسے حتمی منظوری کے لیے ایکنک کو بھجوانے کی سفارش کی گئی۔ اس منصوبے کی لاگت 47.6 ارب روپے ہے اور اس پر عمل درآمد نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن کرے گا۔
احسن اقبال نے ہدایت کی کہ منصوبے کی لاگت کو مناسب سطح پر لایا جائے اور کام کی غیر ضروری تکرار سے گریز کیا جائے۔
سندھ کے 16 اضلاع میں نوجوانوں کے لیے روزگار اور تربیت کا منصوبہ
اجلاس نے سندھ میں نوجوانوں کی تعلیم، روزگار اور بااختیاری کے منصوبے (YEEEP-Sindh) کی 60 کروڑ روپے لاگت سے منظوری دے دی۔ منصوبے کو اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (UNDP) کے تعاون سے 50، 50 فیصد کی بنیاد پر مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔
بلوچستان میں سڑکوں کے دو بڑے منصوبے ایکنک کو ارسال
ٹرانسپورٹ اور مواصلات کے شعبے میں سی ڈی ڈبلیو پی نے دو سڑکوں کے منصوبے حتمی منظوری کے لیے ایکنک کو بھجوانے کی سفارش کی۔
ان میں سبی تا تلی (23.52 کلومیٹر) اور کوہلو تا رکھنی (85.16 کلومیٹر) سڑکوں کی تعمیر و توسیع کا 11.1 ارب روپے کا نظرثانی شدہ منصوبہ جبکہ سوئی سے کشمور تک بلیک ٹاپ سڑک کی تعمیر کا 9.3 ارب روپے کا منصوبہ شامل ہے۔
پاک ایران سرحد پر دو بارڈر ٹرمینلز کی منظوری
سی ڈی ڈبلیو پی نے پاک ایران سرحد پر دو بارڈر ٹرمینلز کے قیام کی بھی منظوری دے دی۔
تفتان، ضلع چاغی بلوچستان میں بارڈر ٹرمینل کے قیام پر 4 ارب 80 کروڑ روپے سے زائد جبکہ گبد کے مقام پر دوسرے ٹرمینل کے قیام پر 4 ارب 34 کروڑ روپے سے زائد لاگت آئے گی۔
اس کے علاوہ مہاجرین کے انتظامی امور سے متعلق اداروں کو مضبوط بنانے کے نظرثانی شدہ منصوبے کی 25 کروڑ 58 لاکھ روپے کی لاگت سے منظوری بھی دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: ریاستی تعمیر و ترقی،عوامی خوشحالی کے منصوبے مکمل کریں گے،وزیراعظم گیلانی




