مظفرآباد:ضلع کونسل باغ کے چیئرمین کے انتخاب کے خلاف آزاد کشمیر ہائی کورٹ نے حکم امتناعی جاری کر دیا۔عدالت نے قائم مقام چیئرمین ضلع کونسل باغ راجہ فہیم فاروق کی درخواست پر حکم امتناعی جاری کیا۔
درخواست پر سماعت آزاد کشمیر ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد بہار نے کی،قائم مقام چیئرمین ضلع کونسل باغ راجہ فہیم فاروق کی جانب سے وکیل راجہ سجاد احمد خان ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: ضلع کونسل باغ کا چیئرمین کون بنے گا؟ الیکشن کمیشن نے شیڈول جاری کردیا
درخواست میں موقف اپنا یا گیا ہے کہ چیئرمین ضلع کونسل باغ کی نشست خالی ہونے کے چار ماہ مکمل ہونے میں صرف ایک ماہ باقی ہے۔
قانون کے مطابق اگر کسی بلدیاتی نشست کی مدت میں چار ماہ سے کم وقت باقی ہو تو اس پر ضمنی انتخاب نہیں کرایا جا سکتا۔
عدالت نے درخواست پر حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے تمام فریقین کو نوٹسز جاری کر دئیے۔ الیکشن کمیشن سمیت تمام فریقین کو کل تک جواب جمع کرانے کی ہدایت کردی اورکیس کی مزید سماعت کل تک ملتوی کر دی۔
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن آزادکشمیر نے ضلع باغ میں چیئرمین ضلع کونسل کی خالی نشست پر ضمنی بلدیاتی انتخاب 26 نومبر کو کرانے کا شیڈول جاری کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر ہائیکورٹ : جسٹس سید شاہد بہار نے 1سال میں 1621 مقدمات کا فیصلہ سنایا
چیئرمین ضلع کونسل باغ محمد آصف خان کے مستعفی ہونے کے بعد ضمنی انتخاب کا انعقاد کیا جارہا تھا۔




