پلندری ( کشمیر ڈیجیٹل) آزاد کشمیر پولیس کے سابق شہید کانسٹیبل محمد ارباب کی نمازِ جنازہ آج 22 نومبر کو سہ پہر 3 بجے ضلع سدھنوتی کی تحصیل پلندری کے علاقے ڈنہ میں ادا کردی گئی۔
نمازِ جنازہ مولانا سعید یوسف نے پڑھائی، جس میں اہل علاقہ اور دیگر افراد نے شرکت کی۔نمازِ جنازہ کے بعد سہ پہر 3 بج کر 10 منٹ پر آزاد کشمیر پولیس کے دستے نے شہید کانسٹیبل محمد ارباب کو گارڈ آف آنر پیش کیا اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔
یہ بھی پڑھیں:فسادی جتھہ کی پرتشدد کارروائیوں کے ناقابل تردید شواہد منظرعام پر، پولیس نے خبردار کر دیا
ترجمان ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس ریجن پونچھ کے مطابق ضلع سدھنوتی کی تحصیل پلندری کے علاقے گلی جھنڈا بگلا بازار میں گزشتہ رات کا لعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے فسادی جھتے کے ارکان کی جانب سے پولیس پر فائرنگ کے نتیجہ میں کانسٹیبل محمد رباب اور کانسٹیبل ذاکر حسین شاہ گولیاں لگ کر زخمی ہوئے تھے جن میں سےکانسٹیبل محمد ارباب کو گزشتہ رات شدید زخمی حالت میں پمز ہسپتال اسلام آباد منتقل کیا گیا جو آج زخموں کی تاب نا لاتے ہوئے شہادت کے منصب پر فائز ہو گئے۔
ترجمان کے مطابق گزشتہ رات کے واقعے کے بعد سدھنوتی اور اس کے ملحقہ علاقوں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے شر پسند عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کرتے ہوئے سرچ آپریشن کیا جا رہا ہے ۔ واقعہ میں ملوث ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لا کر کڑی سے کڑی سزا دلوائی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں:پلندری ،فسادی جتھے کی فائرنگ سے زخمی ہونیوالا کانسٹیبل محمد ارباب شہید
ترجمان ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس ریجن پونچھ نے واضح کیا کہ آزاد کشمیر کے پر امن علاقے میں معمولات زندگی تباہ کرنے کی کوشش کرنے والے شر پسند عناصر، شہریوں کو خوف زدہ کرنے والوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار ان پر حملوں میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق بلا امتیاز کار روائیاں جاری رہیں گی۔




