چین میں 14 سالہ طالبہ نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر آتشزدگی سے متاثرہ گھر میں پھنسے 2 کمسن بچوں کو بحفاظت باہر نکال کر بہادری کی مثال قائم کردی۔
چینی میڈیا کے مطابق صوبہ ہونان کی فینگ ہوانگ کاؤنٹی سے تعلق رکھنے والی 14 سالہ لانگ شائی 24 جون کو بیماری کے باعث سکول سے چھٹی کرکے گھر واپس جارہی تھی کہ راستے میں ایک مکان سے سیاہ دھواں اُٹھتا دکھائی دیا۔
ابتدا ءمیں طالبہ نے اس جانب توجہ نہیں دی، تاہم گھر کے اندر سے بچوں کے رونے کی آوازیں سن کر وہ فوری طور پر صورتحال کا جائزہ لینے پہنچی۔
اس دوران اس نے دیکھا کہ دھواں مسلسل بڑھ رہا ہے اور مکان کے اندر آگ کے شعلے بھی پھیل رہے ہیں۔
لانگ شائی کے مطابق آگ تقریباً بستر تک پہنچ چکی تھی اور وہاں موجود کپڑے بھی جل رہے تھے۔ مکان میں ایک 4 سالہ بچی کونے میں موجود تھی جبکہ اس کا 2 سالہ بھائی بستر پر بیٹھا رو رہا تھا۔
اس وقت گھر میں کوئی بڑا فرد موجود نہیں تھا۔طالبہ نے کسی ہچکچاہٹ کے بغیر گھر میں داخل ہوکر بچے کو اٹھایا اور بچی کا ہاتھ تھام کر دونوں کو بحفاظت باہر نکال لیا۔
بچوں کو بچانے کے بعد لانگ شائی نے اپنی والدہ کو پیغام بھیجا کہ ’’ماں! میں نے 2 بچوں کو بچایا ہے۔‘‘ اس نے جائے وقوعہ سے ایک ویڈیو بھی اپنے اہل خانہ کو بھیجی۔
لانگ شائی کی والدہ نے ویڈیو دیکھنے کے بعد بیٹی کو اپنی حفاظت یقینی بنانے کی تاکید کی۔
انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ آگ کی شدت دیکھ کر ان کا جسم کانپنے لگا تھا اور وہ بیٹی کی سلامتی کے حوالے سے شدید پریشان ہوگئی تھیں۔
طالبہ نے بتایا کہ بچوں کو بحفاظت باہر نکالنے کے بعد اسے بخار کے باعث سر درد بھی محسوس ہونے لگا تھا۔
واقعے کے بعد متاثرہ بچوں کے اہل خانہ نے لانگ شائی کی بہادری پر اظہار تشکر کرتے ہوئے اسے ایک سرخ تعریفی بینر پیش کیا۔
بچوں کے والد کے مطابق وہ واقعے کے وقت کام پر تھے اور انہیں فون کے ذریعے حادثے کی اطلاع ملی تھی۔
رپورٹ کے مطابق لانگ شائی کے اہل خانہ نے نومبر 2026 میں اس کی بہادری کے اعتراف میں مقامی ایوارڈ کیلئے درخواست بھی جمع کرائی ہے۔
واضح رہے کہ کم عمری میں غیر معمولی جرات کا مظاہرہ کرنے والی لانگ شائی مستقبل میں فوجی بننے کی خواہش رکھتی ہیں۔




