امتیاز اسلم مسلح جتھوں کا سرغنہ ، قانون سے نہیں بچ سکتا، ڈی ایس پی کوٹلی سہیل یوسف

میرپور(کشمیر ڈیجیٹل)کشمیر ڈیجیٹل کی خبر پر ڈی ایس پی کوٹلی سہیل یوسف نے گزشتہ روز ایکشن لیتے ہوئے کالعدم ایکشن کمیٹی کے شرپسند عناصر کو گرفتار کرلیا تھا ۔ 

ڈی ایس پی کوٹلی سہیل یوسف نے کشمیر ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کالعدم ایکشن کمیٹی کی قیادت کے حکم پر بالخصوص امتیاز اسلم کی قیادت میں مسلح جتھے نے میرپور کوٹلی روڈ بند کرنے اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں پر حملوں کا پروگرام بنا رکھا تھا۔

ڈی ایس پی کوٹلی کا کہنا تھا کہ پولیس کو اپنے ذرائع سے معلوم ہوچکا تھا کہ کالعدم ایکشن کمیٹی کے شرپسندوں کا ریاست مخالف نیا پلان تیار ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:وفاقی پولیس افسران و اہلکاروں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی عائد

ڈی ایس پی کوٹلی سہیل یوسف نےکشمیر ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امتیاز اسلم کی غلط فہمی ہے کہ وہ مسلح جتھے تشکیل دے کر وہ بچ جائے گا یہ اس کی خام خیالی ہے ۔

ڈی ایس پی کوٹلی کا مزید کہنا تھا کہ پولیس ٹیم نے انتہائی راز داری سے باوثوق ذرائع کے ذریعے تحقیقات مکمل کرکے چھاپہ مار کر کالعدم ایکشن کمیٹی کے شرپسندوں کو گرفتار کرلیا ۔

ڈی ایس پی کوٹلی سہیل یوسف کا مزید کہنا تھا کہ کالعدم ایکشن کمیٹی کا ریاست مخالف منصوبہ سامنے آچکا ہے اور ریاستی عوام کسی صورت اس شرپسند ٹولے کے بہکاوے میں آنے سے گریز کریں۔

انہوں نے کہا کہ کالا ڈب بلانی جنگل میں کالعدم ایکشن کمیٹی کے شرپسندوں نے حملہ کرکے سکیورٹی فورسز کے دو بندے زخمی کردیئے ۔ اگر کسی کو یہ شک ہے کہ کالعدم ایکشن کمیٹی مطالبہ کی حد تک محدود ہے تو یہ درست نہیں ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم جو آج بات کررہے ہیں وہ ہفتے دو ہفتے بعد عوام کو بھی علم ہوجائے گی کہ کالعدم ایکشن کمیٹی عوامی مطالبات کیلئے نہیں بلکہ بھارتی ایماء پر ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہے۔

ڈی ایس پی کوٹلی سہیل یوسف کا مزید کہنا تھا کہ کالعدم ایکشن کمیٹی نے ہر ضلع میں ایک شرپسند جتھہ تشکیل دے رکھا ہے ۔ہمارے پاس ان کیخلاف بہت زیادہ انفارمیشن ہے جس پر پولیس کام کررہی ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر: شادی ہالز 10بجے ہرصورت بند کرنے کا فیصلہ ،انتباہ جاری

انہوں نے کہا کہ کالعدم ایکشن کمیٹی نے ہر ضلع اور ہر تحصیل میں عسکریت پسندی کیلئے جتھے تشکیل دے رکھے ہیں۔ امتیاز اسلم کے کارندوں نے ضلع میرپور میں الیکشن کو ثبوتاژ کرنے کی بھی کوشش کی ۔جس میں یہ ناکام ہوئے ۔

انہوں نے کہا کہ کالعدم ایکشن کمیٹی کے شرپسندوں سے جو اسلحہ برآمد ہوا اس کا کوٹلی لائے جانے کا روٹ کیا تھا تمام انفارمیشن ہمارے پاس موجود ہیں لیکن کسی میڈیا فورم پر اس کو مزید سامنے لایا نہیں جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ عوام نے کالعدم ایکشن کمیٹی کو مسترد کردیا ہے ۔ کوٹلی کا بازار کال کے باجود کھلا رہا، بلکہ شہر میں پہلے سے زیادہ رش دیکھا گیا ۔

آزادکشمیر کی عوام پرامن ہے اور کالعدم ایکشن کمیٹی کے شرپسندانہ بیانیہ کو مستردکرچکی ہے ۔ کالعدم ایکشن کمیٹی نہ پہلے پرامن تھی نہ آج پرامن ہے اور نہ ہی مستقبل میں اس کے پرامن مقاصد ہیں۔