احمد پور شرقیہ (کشمیر ڈیجٹیل) موت نے اچانک ایسا جھپٹا مارا کہ کسی کو سنبھلنے کا موقع تک نہ ملا، خوشیوں اور امیدوں کے ساتھ سفر کرنے والے مسافروں پر چند لمحوں میں قیامت ٹوٹ پڑی۔
احمد پور شرقیہ میں پتھروں سے بھرا بھاری ٹرک سڑک کنارے کھڑے لوڈر ڈالے پر الٹ گیا، خوفناک حادثے نے 7 قیمتی جانیں نگل لیں، جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔
حادثے کے بعد جائے وقوعہ پر چیخ و پکار، خوف اور سوگ کی فضا چھا گئی۔
پتھروں سے لدا ایک ٹرک سڑک پر کھڑے لوڈر ڈالے سے ٹکرا کر الٹ گیا، جس کے نتیجے میں لوڈر ڈالے پر سوار افراد بھاری ٹرک اور اس کے نیچے دب گئے۔
یہ بھی پڑھیں :اسلام آباد میں المناک ٹریفک حادثہ، 2 افراد جاں بحق، 4 شدید زخمی
حادثہ اس قدر شدید تھا کہ متعدد افراد کو نکلنے کا موقع نہ مل سکا اور وہ ملبے تلے دب گئے۔اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری، اعلیٰ حکام اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
ریسکیو اہلکاروں نے بھاری مشینری اور امدادی کوششوں کے ذریعے ٹرک تلے دبے افراد کو نکالنے کا عمل شروع کیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق لوڈر ڈالے پر مجموعی طور پر 16 افراد سوار تھے، جن میں سے 8 افراد حادثے کے وقت نکلنے میں کامیاب ہوگئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں :گلگت بلتستان میں ٹریفک کا المناک حادثہ ، مسافروں سے بھری گاڑی دریا میں جاگری،9افراد جاں بحق
امدادی ٹیموں نے ملبے تلے دبے افراد میں سے 7 کی لاشیں نکال لیں، جبکہ ایک شخص کو زخمی حالت میں باہر نکال کر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشیں بھی ہسپتال منتقل کر دی گئی ہیں ، حادثے کا شکار ہونے والے افراد خیرپور ڈاہا سے بہاولپور جا رہے تھے۔اس اندوہناک حادثے نے کئی گھروں کے چراغ بجھا دیے، جبکہ متاثرہ خاندانوں میں غم کی لہر دوڑ گئی۔




