آزادکشمیر: شادی ہالز 10بجے ہرصورت بند کرنے کا فیصلہ ،انتباہ جاری

سماہنی(کشمیر ڈیجیٹل)اسسٹنٹ کمشنر/ایس ڈی ایم سماہنی سردار محمد پرویز خان کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں سماہنی شہر میں ٹریفک، تجاوزات، شادی ہالز کے اوقات کار اور حفظانِ صحت کے اصولوں پر عملدرآمد سمیت دیگر اہم امور کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سماہنی میں قائم تمام شادی ہالز رات 10 بجے تک ہر صورت بند کیے جائیں گے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ڈپٹی کمشنر باغ نے ہائی وے ایکٹ کی خلاف ورزی اور تجاوزات پر سخت ایکشن کا حکم دے دیا

متعلقہ مالکان کو ہدایات جاری کی گئیں کہ مقررہ اوقات کار کی پابندی کو یقینی بنایا جائے، خلاف ورزی کی صورت میں قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اجلاس میں شادی ہالز اور دیگر مقامات پر شہریوں کو حفظانِ صحت کے اصولوں کے منافی کھانا فراہم کرنے والے مالکان کے خلاف بھی کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔

متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی کہ صفائی ستھرائی، خوراک کے معیار اور حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے۔

ایس ڈی ایم سماہنی سردار محمد پرویز خان نے کہا کہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول، معیاری خوراک اور بہتر سفری سہولیات کی فراہمی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:وفاقی پولیس افسران و اہلکاروں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی عائد

انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تجاوزات اور رانگ پارکنگ کے خلاف مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے واضح کیا کہ عوامی سہولیات میں رکاوٹ بننے والی تجاوزات، غیر قانونی پارکنگ اور دیگر خلاف ورزیوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ضابطے کے مطابق کارروائی جاری رکھی جائے گی۔