مظفرآباد:صدر آزاد جموں و کشمیر ڈاکٹر محمد نجیب خان نے پلندری میں دورانِ ڈیوٹی فائرنگ کے افسوسناک واقعے میں آزاد کشمیر پولیس کے اہلکار محمد ارباب کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
صدر ریاست نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور فرائض کی ادائیگی کے دوران پولیس اہلکار کی شہادت قومی نقصان ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پرامن ریاست میں انتشار کا کھیل،کالعدم ایکشن کمیٹی کیخلاف سخت کارروائی کامطالبہ
اختلافِ رائے اور احتجاج جمہوری معاشرے کا حصہ ہیں، تاہم تشدد، فائرنگ اور قانون کو ہاتھ میں لینے کی کسی صورت اجازت نہیں دی جا سکتی۔ امن، رواداری اور قانون کی بالادستی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
صدر آزاد کشمیر نے واقعے میں ملوث شرپسند عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں امن و امان اور قانون کی عملداری ہر صورت برقرار رکھی جانی چاہیے۔
صدر ریاست نے شہید اہلکار کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید کے درجات بلند فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور سوگوار خاندان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ اور صبرِ جمیل عطا فرمائے۔
یہ بھی پڑھیں:پنجیڑا بازار میں کالعدم ایکشن کمیٹی کے مسلح افراد کی نقل و حرکت، ڈرون فوٹیج منظر عام پر آگئی
یاد رہے کہ پلندری کے علاقے گلی جھنڈا بگلا بازار میں کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے فسادی جھتے کی فائرنگ سے زخمی ہونیوالا کانسٹیبل محمد ارباب شہید ہو گیا تھا جس کی نمازجنازہ پلندری میں ادا کی گئی۔
جھنڈا بگلا بازار میں فسادی جتھے کی فائرنگ سے دوپولیس اہلکار زخمی ہوئے تھے ۔واقعہ کے بعد کالعدم ایکشن کمیٹی کے پرامن ہونے کا دعویٰ ایک بار پھر بے نقاب ہو گیا ہے اور عوام کی جانب سے شرپسندوں کیخلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔




