پاک چین دوستی نے خلائی تعاون کے میدان میں ایک اور سنگ میل عبور کرلیا، پاکستانی خلا باز کے خلائی سفر کی تیاریوں کے سلسلے میں چین کے خلائی جہاز شین ژو24 کی لانچنگ مشق کامیابی سے مکمل کرلی گئی۔
چین کے شمال مغربی چین کے جیوکوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر میں پرواز سے قبل ہونے والی اس مشترکہ مشق میں تین خلا بازوں نے حصہ لیا جنہوں نے تمام کارروائیاں انتہائی درستگی کے ساتھ انجام دیں۔
یہ بھی پڑھیں:چین میں گنج پن ختم کرنے کیلئے الیکٹرانک کنگھا تیار
چائنا آسٹروناٹ ریسرچ اینڈ ٹریننگ سینٹر کے عہدیدار ژو لو کے مطابق تینوں خلا باز مشق کے دوران پرعزم رہے اور تمام مراحل کامیابی سے مکمل کیے۔
تمام تربیتی مراحل مکمل ہونے کے بعد ایک پاکستانی خلا باز چین کے شین ژو 24 خلائی جہاز کے ذریعے خلا میں جائے گا۔
پاک چین دوستی اب زمینی سرحدوں سے آگے بڑھ کر خلا کی وسعتوں تک پہنچ رہی ہے، شین ژو-24 مشن دونوں ممالک کے دیرینہ دوستانہ تعلقات اور خلائی تعاون کے نئے باب کی علامت بن رہا ہے۔
پاکستان نے اس مشن کے لیے دو پائلٹس محمد ذیشان علی اور خرم داؤد کو شارٹ لسٹ کیا ہے۔ ان میں سے ایک بطور پے لوڈ سپیشلسٹ تیانگونگ خلائی سٹیشن جائے گا جبکہ دوسرا متبادل کے طور پر تیار رہے گا۔
یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر کے افسر نے چین میں پاکستان کا نام روشن کردیا
منتخب خلا باز سے توقع ہے کہ وہ خلائی سٹیشن پر تقریباً ایک ہفتہ گزارے گا، جہاں وہ سائنسی تجربات کرے گا۔ اس کے بعد وہ شینژو 23 خلائی جہاز کے ذریعے زمین پر واپس آئے گا۔
اس تعاون میں چین کی جانب سے پاکستانی سیٹلائٹس خلا میں بھیجنا اور 2028 کے لگ بھگ چین کے چانگ ای 8 چاند مشن کے ذریعے پاکستان میں تیار کردہ ایک روور (چاند پر چلنے والی گاڑی) بھیجنے کے منصوبے شامل ہیں۔




