اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل)وفاقی حکومت نے اسلام آباد پولیس کے تمام افسران اور اہلکاروں کیلئے نئی سوشل میڈیا پالیسی جاری کردی۔
جس کے تحت پولیس کے تمام رینکس کے اہلکاروں پر سوشل میڈیا کے استعمال سے متعلق سخت پابندیاں عائد کردی گئی ہیں۔
پولیس کے مطابق اہلکاروں کے یونیفارم میں ویڈیوز بنانے اور تصاویر کھنچوانے پر بھی پابندی ہوگی۔
جبکہ ذاتی تشہیر، شہرت یا گلیمر کے لیے پولیس یونیفارم استعمال کرنا سختی سے ممنوع قرار دیا گیا ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ایجوکیشن پیکج ری وزٹ کیس، عدالت نے تحریری بحث طلب کرلی، حکم امتناعی بدستور قائم
نئی پالیسی کے تحت سرکاری گاڑیوں، دفاتر اور نجی مقامات پر یونیفارم میں ویڈیوز بنانے کی صورت میں محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔
اسی طرح بغیر اجازت میڈیا کو بیان دینے، عوامی فورمز پر اظہارِ خیال کرنے اور مضامین لکھنے پر بھی پابندی ہوگی۔
پولیس کی مثبت سرگرمیوں کو اجاگر کرنے کیلئے بھی ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز سے پیشگی منظوری لینا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
پالیسی کے مطابق پولیس اہلکار سوشل میڈیا پر اپنے ذاتی سیاسی یا مذہبی نظریات کا اظہار نہیں کرسکیں گے ،کسی بھی قسم کی محکمانہ یا خفیہ دستاویزات اور تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرنے پر بھی پابندی ہوگی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پاک بھارت میچ کے لیے ٹکٹوں کی ریکارڈ ڈیمانڈ، شائقین کا جوش عروج پر
پولیس سرگرمیوں سے متعلق معلومات صرف سی پی او کی پبلک ریلیشنز برانچ کے ذریعے جاری کی جائیں گی، جبکہ یونٹ سربراہان اپنے ماتحت عملے کی سوشل میڈیا سرگرمیوں کی نگرانی کے ذمہ دار ہوں گے۔
نئی سوشل میڈیا پالیسی کی خلاف ورزی کرنے والے اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔ پالیسی کا اطلاق فوری طور پر کردیا گیا ہے اور اسے آئی جی اسلام آباد نے منظور کرلیا ہے۔




