نئی دہلی (کشمیر ڈیجیٹل) بھارتی سرزمین پر پاکستانی وفاقی وزیر مصدق ملک کا بھارتی میڈیا کے سوالات پر دبنگ مؤقف سامنے آگیا۔
دہشت گردی کے معاملے پر پاکستان نے واضح پیغام دے دیا کہ بات ضرور ہوگی، مگر الزام تراشی اور اشتعال انگیزی نہیں بلکہ ٹھوس شواہد کی بنیاد پر ہوگی۔
بھارتی صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے مصدق ملک نے ایسا دوٹوک مؤقف اختیار کیا کہ دہشت گردی کے مسئلے پر پاکستان کا موقف ایک بار پھر نمایاں ہوگیا۔
وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک کا کہنا تھا کہ دہشت گردی ایک اہم مسئلہ ہے اور اس پر بات ہونی چاہیے، تاہم اشتعال انگیزی سے مسائل حل نہیں ہوتے۔
دہشتگردی کا مقابلہ کرنے اور اس ناسور کے خاتمے کیلئے سنجیدہ کوششوں اور مشترکہ حکمت عملی کی ضرورت ہے،مصدق ملک نےکہا کہ جب بھی دہشتگردی کے معاملے پر بات ہوگی تو شواہد کے ساتھ ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں :پاکستان اوربھارت کے درمیان بامعنی مکالمہ وقت کی اہم ضرورت ہے، وفاقی وزیر مصدق ملک
پاکستان خود دہشت گردی سے شدید متاثر ہوا ہے اور اس حوالے سے بھاری جانی و مالی نقصانات برداشت کر چکا ہے۔
پاکستان متعدد مرتبہ بھارت سے دہشت گردی کے حوالے سے ثبوت طلب کر چکا ہے، جبکہ پاکستان کے پاس بھی اس معاملے سے متعلق شواہد موجود ہیں۔
یہ بھی پڑھیں :برطانیہ میں پناہ گزینوں کیلیے پروگرام، پاکستان بھی اہل ممالک میں شامل!
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وہ بھارت باہمی معاملات پر مذاکرات کرنے نہیں آئے، تاہم دہشت گردی ایسا سنجیدہ معاملہ ہے جسے نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ اس پر بات کرنا اور حقائق کو سامنے لانا ناگزیر ہے۔
مصدق ملک نے اپنے مؤقف میں یہ پیغام دیا کہ دہشت گردی جیسے حساس مسئلے کو سیاسی پوائنٹ اسکورنگ یا اشتعال انگیز بیانات کی نذر کرنے کے بجائے حقائق، شواہد اور سنجیدہ مکالمے کی بنیاد پر آگے بڑھنا چاہیے۔




