وزیراعظم شہبازشریف کا فیلڈ مارشل کے ہمراہ دورہ کوئٹہ،دہشتگرد نیٹ ورکس کوکچلنے کا عزم

کوئٹہ(کشمیر ڈیجیٹل)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر (نشانِ امتیاز ملٹری، ہلالِ جرات، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز کے ہمراہ کوئٹہ کا دورہ کیا۔

دورے میں وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ ، وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ اور وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور رانا ثناء اللہ بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے ۔

​وزیراعظم کو بلوچستان کی مجموعی امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس میں بالخصوص حالیہ دہشت گردی کے واقعات، جاری انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز اور صوبے کے عوام کے تحفظ اور سلامتی کیلئے فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اقدامات پر توجہ مرکوز کی گئی۔

​وزیراعظم نے فرض کی راہ میں عظیم قربانی پیش کرنے والے شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کے خاندانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:سندھ طاس معاہدہ معطلی ، پانی کا بطور ہتھیار استعمال دہشتگردی ،پاکستان کا بھارت کو کرارا جواب

انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور بلوچستان کے عوام کے ساتھ پوری قوم کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔

​وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ بلوچستان میں امن پاکستان کے استحکام، ترقی اور خوشحالی کے لیے ناگزیر ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کے دشمنوں کی جانب سے ملک کے مثبت سفر، ترقی اور خوشحالی کو روکنے کی کوششوں کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

وزیراعظم نےحالیہ واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بلوچستان میں بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے ناسور کے خلاف لڑنے والے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انتھک کوششوں اور عزم کا اعتراف کیا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:رانا ثناء اللہ کی موجودگی میں ن لیگ اور پی ٹی آئی رہنماؤں کی کرنل وقار نور کی حمایت

وزیراعظم نے بلوچستان کے عوام کے تحفظ اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر زور دیا۔

اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان صوبے کی سلامتی کو نقصان پہنچانے والے اندرونی اور بیرونی دہشت گرد نیٹ ورکس کو کچل کر رکھ دے گا۔

​انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وفاقی حکومت، صوبائی حکومت کے ساتھ قریبی ہم آہنگی کے ذریعے، دہشت گردی کے خاتمے، ریاست کی رٹ مضبوط بنانے اور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے تمام کوششوں کی حمایت جاری رکھے گی تاکہ بلوچستان کے عوام امن، ترقی اور مواقع سے بھرپور مستقبل کی جانب گامزن ہو سکیں۔