واٹس ایپ صارفین کیلئے بڑی خوشخبری، پیغامات بھیجنے کیلئے اب آن لائن رہنے کی ضرورت نہیں ہوگی

نیویارک( کشمیر ڈیجٹیل ) واٹس ایپ استعمال کرنے والوں کا ایک بڑا مسئلہ حل ہونے جا رہا ہے، کیونکہ میٹا کی زیرِملکیت مقبول میسجنگ ایپ نے ایسا نیا فیچر متعارف کرانے کا اعلان کردیا ہے جس کے ذریعے صارفین اپنے پیغامات پہلے سے شیڈول کرسکیں گے۔ 

یعنی اب کسی کو سالگرہ کی مبارک باد دینی ہو، اہم یاددہانی بھیجنی ہو یا کسی مخصوص وقت پر پیغام پہنچانا ہو تو مقررہ وقت پر موبائل استعمال کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی، واٹس ایپ خود یہ کام انجام دے گا۔

نئے فیچر کے تحت صارفین انفرادی اور گروپ چیٹس میں پیغامات بھیجنے کی تاریخ اور وقت پہلے سے مقرر کرسکیں گے۔

یہ بھی پڑھیں :واٹس ایپ: صارفین کی سہولت کیلئے’میسج ٹیکسٹ ایکشنز’ فیچر متعارف

 خاص بات یہ ہے کہ یہ سہولت صرف تحریری پیغامات تک محدود نہیں ہوگی بلکہ لنکس، تصاویر اور ویڈیوز بھی شیڈول کی جاسکیں گی،اس فیچر کو استعمال کرنے کا طریقہ بھی انتہائی آسان ہوگا۔

صارف کو مطلوبہ پیغام لکھنے کے بعد سینڈ بٹن کو معمول کے مطابق دبانے کے بجائے کچھ دیر تک دبائے رکھنا ہوگا۔ اس کے بعد اسکرین پر ایک ونڈو ظاہر ہوگی، جہاں اپنی پسند کی تاریخ اور وقت منتخب کرکے پیغام شیڈول کیا جاسکے گا۔

 مقررہ وقت آتے ہی پیغام خودکار طور پر متعلقہ چیٹ میں بھیج دیا جائے گا۔صارفین کو یہ سہولت بھی حاصل ہوگی کہ وہ چیٹ انفارمیشن اسکرین میں اپنے تمام شیڈول کیے گئے پیغامات دیکھ سکیں اور ضرورت پڑنے پر انہیں حذف بھی کرسکیں۔

یہ بھی پڑھیں :غیر فعال و منسوخ سموں کے ایک لاکھ 76 ہزار واٹس ایپ اکاؤنٹس بلاک

دستیاب تفصیلات کے مطابق پیغام موجودہ وقت سے کم از کم 10 منٹ اور زیادہ سے زیادہ دو ہفتے بعد بھیجنے کے لیے مقرر کیا جاسکے گا۔تاہم یہ فیچر تمام صارفین کو بیک وقت دستیاب نہیں ہوگا۔

 اگر سینڈ بٹن دبانے پر شیڈولنگ کا آپشن نظر نہ آئے تو سمجھ لیں کہ یہ سہولت ابھی آپ کے اکاؤنٹ تک نہیں پہنچی۔

کمپنی کے مطابق فیچر کی عالمی سطح پر فراہمی شروع کردی گئی ہے اور آئندہ چند ہفتوں میں اسے تمام صارفین کے لیے دستیاب کردیا جائے گا۔