برہان وانی کی شہادت نے عالمی سطح پر بھارت کے اس پروپیگنڈے کو مکمل طور پر بے نقاب کرکے زمین بوس کیا کہ تحریک آزادی کشمیر دوسروں کے اشاروں پر چلائی جارہی ہے۔
یہ معصومانہ شہادت تحریک آزادی کو بلندیوں تک پہنچانے کا باعث بنی ہے اور وہ اہل کشمیر کے دلوں اور ذہنوں میں زندہ ہیں جس سے ثابت ہوتا ہے کہ اہل کشمیر اپنے بہادر اور نڈر سپوت کو بھولی نہیں ہے۔
یقینا برہان وانی تحریک مزاحمت کی علامت ہیں۔ ان خیالات کا اظہار امیر حزب المجاہدین اور متحدہ جہاد کونسل کے سربراہ سید صلاح الدین احمد نے شہید برہان وانی کے دسویں یوم شہادت کے سلسلے میں منعقدہ شہید برہان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
انہوں نے کہا کہ برہان وانی بھارتی قبضے کے خلاف کشمیری عوام کی مزاحمت کی ایک لازوال علامت ہیں اور ان کا ورثہ کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی کیلئے مسلسل تحریک کا باعث ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم شہبازشریف کا فیلڈ مارشل کے ہمراہ دورہ کوئٹہ،دہشتگرد نیٹ ورکس کوکچلنے کا عزم
انہوں نے کہا کہ برہان وانی نے کشمیری عوام کی تحریکِ آزادی کے جذبے کو دوبارہ زندہ کیا۔ بھارت برہان جیسے نوجوانوں کو جسمانی طور پر تو خاموش کر سکتا ہے، لیکن کشمیری عوام کی آزادی کی تڑپ کو کبھی ختم نہیں کر سکتا۔
جب تک مقبوضہ جموں و کشمیر ناجائز بھارتی قبضے سے آزاد نہیں ہو جاتا، برہان جیسے لوگ پیدا ہوتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ برہان وانی اور دوسرے لاکھوں شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ ان کے مشن کو زندہ اور مقصد کے حصول تک جاری رکھنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس راہ میں جید کمانڈروں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا لیکن جو شہرت اور مقام برہان وانی کے حصے میں آیا کوئی اس کے قریب بھی نہیں پہنچ سکا ۔
سید صلاح الدین احمد نے کہا کہ مملکت خداداد دنیا میں اہل کشمیر کا واحد وکیل اور سفیر ہے پاکستان مسئلہ کشمیر کا فریق بھی ہے لہذا اس پر فرض عائد ہوتا ہے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارت کے ناجائز اور غاصبانہ قبضے کے خاتمے کیلئے مظلوم کشمیریوں کی ٹھوس مدد کریں کیونکہ مملکت خداداد مقبوضہ جموں وکشمیر کے بغیر نامکمل ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں مقبوضہ جموں وکشمیر کیساتھ ساتھ پاکستان بھی عزیز ہیں ‘ پاکستان میں ہمارے بھائی شہید ہورہے ہیں تو دل رنجیدہ ہوتا ہے۔
ضرورت اس امر کی ہے کہ دشمن کو اس کے دل پر ضرب لگائی جائے۔ تاکہ اس سے اپنی سرحدوں سے باہر پاکستان مخالف کاروائیوں سے روکا جائے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:چاول ، گھی، آئل، سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں اضافہ، شہری پریشان
انہوں نے کہا کہ مذمتوں ‘ زندہ باد اور مردہ باد کہنے سے آج تک ایک انچ زمین آزاد نہیں ہوسکی ‘ یہود و ہنود کا حل صرف مربوط ‘ تیر بہدف اور مسلسل جدوجہد میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ارض بیت المقدس اور مقبوضہ جموں وکشمیر کے مظلوم مدد کیلئے پکار رہے ہیں۔سید صلاح الدین احمد نے کہا کہ آنے والے وقت میں حزب المجاہدین کو اہم کردار نبھانا ہے لہذا ہمیں اس کیلئے خود کو تیار کرنا ہوگا۔
شہید برہان کانفرنس سے نائب امیر حزب المجاہدین سیف اللہ خالد نے بھی خطاب کرتے ہوئے شہید برہان کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔
ناظم تعلیم و تربیت خواجہ محمد شہباز نے کانفرنس سے افتتاحی خطاب کیا جبکہ قاری مصعب الحق نے سیکرٹری سٹیج کے فرائض نبھائے اور طاہر اعجاز و سید مبارک شاہ نے شہید برہان وانی کو منظوم خراج عقیدت پیش کیا ۔
کانفرنس میں لوگوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔ کانفرنس میں یہ عہد کیا گیا کہ کشمیری عوام بھارت سے آزادی کے حصول تک برہان وانی کے راستے پر گامزن رہیں گے۔
طاقت کا کوئی بھی استعمال برہان وانی کے ورثے کو مٹا سکتا ہے اور نہ ہی کشمیری عوام کی آزادی کی امنگوں کو دبا سکتا ہے۔کانفرنس کے اختتام پر شہداء کی بلندی درجات اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی کیلئے خصوصی دعا کی گئی ۔




