آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن نےاستحکام پاکستان پارٹی کی آزادکشمیر میں رجسٹریشن کرلی ہے جس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق آزاد جموں و کشمیر الیکشنز ایکٹ 2020 کی دفعہ 128 کی ذیلی دفعہ (3) کے ذریعے حاصل کردہ اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے اور 05.10.2023 کو آزاد جموں و کشمیر کی معزز ہائی کورٹ کے فیصلے کی روشنی میںوحید اشرف ممبر میونسپل کارپوریشن اور دیگر ممبران کی درخواست منظور کرلی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:الیکشن کمیشن آزاد کشمیر نے عام انتخابات کیلئے 27 جولائی 2026 کو پولنگ کی تاریخ مقرر کر دی
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن سیکشن 128 (2) کے تحت ضروریات کو پورا کرنے کے بعد استحکام پاکستان پارٹی آزادکشمیر کو بطور سیاسی جماعت رجسٹریشن کی تصدیق دی جاتی ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے نوٹیفکیشن کی کاپی پرائیویٹ سیکرٹریز چیف الیکشن کمشنر، ممبر الیکشن کمیشن،ڈائریکٹر جنرل انفارمیشن آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر ،صدر استحکام پاکستان پارٹی آزادکشمیر کو ارسال کی گئی ہے
یاد رہے کہ استحکام پاکستان پارٹی پاکستان کے سابق الیکشن میں جہانگیر خان ترین، عبدالعلیم خان اور دیگر نے قائم کی تھی لیکن الیکشن میں خاطرخواہ کامیابی نہ ملنے پر جہانگیر ترین سے سیاست سےعلیحدگی اختیار کر لی تھی اور وفاقی وزیرمواصلات عبدالعلیم خان اس وقت استحکام پاکستان پارٹی کے صدر ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:وسطی باغ سے مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر الیکشن ہر صورت لڑونگا : بریگیڈیئر( ریٹائرڈ) محمد خان
کچھ عرصہ قبل آزادکشمیر کے سابق وزیراعظم سردار تنویرالیاس خان بھی استحکام پاکستان پارٹی میں شامل ہوئے تھے لیکن بعد میں علیحدگی اختیار کرکے وہ اب پیپلزپارٹی میں شامل ہوچکے ہیں۔
گلگت بلتستان کے الیکشن میں استحکام پاکستان پارٹی نے سابق وزیراعلیٰ حاجی گلبر خان سمیت اپنے 9امیدواروں کو ٹکٹ جاری کئے ہیں جبکہ آزادکشمیرمیں بھی کچھ لوگوں کی استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت متوقع ہے۔




