ترقیاتی منصوبوں کے معیار اور رفتار پر کوئی کمپرومائز نہیں کیا جائیگا،افتخارگیلانی

مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل) وزیراعظم آزادکشمیر افتخار گیلانی کی زیرصدارت اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا۔

اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم افتخار گیلانی کا کہنا تھا کہ ترقیاتی منصوبوں کے معیار، شفافیت اور مقررہ ٹائم لائن پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

مستقبل کی ضرورت کو مد نظر رکھتے ہوئے منصوبے ڈیزائن کیے جائیں، ترقیاتی منصوبوں کے معیار اور رفتار پر کوئی کمپرومائز نہیں کیا جائیگا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم شہبازشریف سے ڈاکٹر نجیب نقی کی ملاقات،مسئلہ کشمیر پرحمایت کا اعادہ

اجلاس میں وزیر صحت ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات عاطف رحمان، پرنسپل سیکرٹری عدنان خورشید، سیکرٹری مواصلات و تعمیرات عامہ خواجہ محمد نعیم اور سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ عامر لطیف شریک تھے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم افتخار گیلانی نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کے آغاز سے قبل ان کی تکمیل کی مدت، ٹائم لائن اور عملدرآمد کا جامع طریقہ کار طے کیا جائے تاکہ منصوبے مقررہ وقت کے اندر پایۂ تکمیل تک پہنچ سکیں۔

انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی کامیابی کا معیار ان کی بروقت تکمیل اور عوام کو پہنچنے والے ثمرات ہیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر: آئی ٹی فروغ کیلئے اہم پیشرفت، سینکڑوں طلباء امتحان میں شامل

انہوں نے کہا کہ ہر منصوبے کی پیشرفت کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ مختص وسائل درست انداز میں استعمال ہوں۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کے ٹھیکے ایسی مستند فرموں اور ٹھیکیداروں کو دیے جائیں جن کی ساکھ اچھی ہو اور ماضی میں ان کی کارکردگی تسلی بخش رہی ہو۔

انہوں نے واضح کیا کہ منصوبوں کی رفتار اور معیار پر کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائیگی اور متعلقہ محکمے اس امر کو یقینی بنائیں کہ ترقیاتی کام مقررہ معیار کے مطابق مکمل ہوں اور ان کے ثمرات عوام تک پہنچیں۔