گلگت بلتستان میں الیکشن مہم ختم ،ووٹنگ کل،سخت سکیورٹی انتظامات

گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات کے لیے جاری انتخابی مہم کا وقت ختم ہوگیا،گزشتہ رات 12 بجے کے بعد انتخابی مہم چلانے پر پابندی عائد کردی گئی ہے اور سخت سکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔

گلگت بلتستان اسمبلی کی 24 نشستوں پر مجموعی طور پر 403 امیدوار حصہ لے رہے ہیں، جس پر ووٹنگ کل 7 جون کو ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں:گلگت بلتستان انتخابات: تحریک انصاف کے سنگین الزامات، پیپلز پارٹی کے ن لیگ سے شکوے

گلگت بلتستان اسمبلی کے لیے انتخابات کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ مقامی پولیس اور جی بی اسکائوٹس کے اہلکار تعینات ہوں گے۔

7 جون کو مجموعی طور پر 9 لاکھ 58 ہزار 480 ووٹر حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ مجموعی طور پر 396 مرد امیدوار جبکہ 8 خواتین امیدوار انتخابی میدان میں اتری ہیں۔

پیپلز پارٹی 23 امیدوار، ن لیگ 22 ، استحکامِ پاکستان پارٹی 15، پاکستان مسلم لیگ 11،جے یو آئی ف کے 9 امیدوارمیدان میں ہیں۔

اس کے علاوہ ایم ڈبلیو ایم 7،جماعت اسلامی اور ایم کیو ایم کے 6،6 امیدوار انتخابی دوڑ میں شامل ہیں جبکہ 266 آزاد امیدوار بھی الیکشن لڑ رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:گلگت بلتستان انتخابات پر بھارتی اعتراضات بے بنیاد اور حقائق کے منافی قرار

سیاسی مبصرین کے مطابق الیکشن میں پاکستان پیپلزپارٹی ، مسلم لیگ(ن) کے مابین سخت مقابلہ ہے جبکہ استحکام پاکستان پارٹی، اسلامی تحریک، ایم ڈبلیو ایم، پی ٹی آئی کے امیدوار بھی کچھ حلقوں میں مضبوط پوزیشن پر ہیں۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری نے گلگت بلتستان میں کئی جلسوں سے خطاب کیا ہے اور بھرپور مہم چلائی ہے جبکہ ن لیگی رہنما بھی گلگت بلتستان میں موجود رہے ہیں،نوازشریف نے ایک روزہ دورہ ہی کیا تھا لیکن ایک تقریب میں شرکت کے بعد واپس آ گئے تھے۔