الیکشن کمیشن

الیکشن کمیشن آزاد کشمیر نے عام انتخابات کیلئے 27 جولائی 2026 کو پولنگ کی تاریخ مقرر کر دی

مظفرآباد(سفیررضا چغتائی سے )چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر جسٹس ر غلام مصطفیٰ مغل نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات 27 جولائی 2026 کو منعقد ہوں گے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ انتخابی شیڈول کے مطابق کاغذاتِ نامزدگی 9 جون سے 19 جون 2026 شام 4 بجے تک جمع کروائے جا سکیں گے، کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال 20 جون 2026 کو ہوگی ۔

اسی روز ریٹرننگ افسران کی جانب سے درست نامزد اُمیدواروں کی ابتدائی فہرست بھی جاری کی جائے گی ۔ کاغذاتِ نامزدگی کی منظوری یا مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں 21 جون سے 24 جون 2026 دوپہر 2 بجے تک دائر کی جا سکیں گی، جبکہ ان اپیلوں کی سماعت 26 اور 27 جون کو ہوگی اور اپیلوں پر حتمی فیصلے 28 اور 29 جون 2026 کو سنائے جائیں گے۔

اُمیدوار 30 جون 2026 دوپہر 2 بجے تک اپنے کاغذات واپس لے سکیں گے، یکم جولائی 2026 کو امیدواروں کی حتمی فہرست شائع کی جائے گی جبکہ 2 جولائی 2026 کو انتخابی نشانات الاٹ کیے جائیں گے اور اسی روز نشانات کے ساتھ امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کر دی جائے گی۔ پولنگ 27 جولائی 2026 کو صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر الیکشن شیڈول جون کے پہلے ہفتے میں متوقع ہے، ترجمان الیکشن کمیشن

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ شفاف، آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کے لیے انتخابی ضابطۂ اخلاق بھی نافذ کر دیا گیا ہے جس کے تحت سرکاری وسائل، سرکاری گاڑیوں، سرکاری فنڈز، ترقیاتی منصوبوں کے اعلانات اور حکومتی اختیارات کو انتخابی مقاصد کے لیے استعمال کرنے پر پابندی عائد ہوگی ۔

انتخابی مہم کے دوران مذہبی، لسانی اور فرقہ وارانہ جذبات کو بھڑکانے، مخالف امیدواروں کے خلاف نفرت انگیز یا جھوٹا پروپیگنڈا کرنے، ووٹروں کو رشوت، لالچ یا دباؤ کے ذریعے متاثر کرنے اور انتخابی عمل پر اثر انداز ہونے کی کسی بھی کوشش کی اجازت نہیں ہوگی ۔

تمام اُمیدواروں اور سیاسی جماعتوں کو ضابطۂ اخلاق کی مکمل پابندی کی ہدایت کی گئی ہے اور خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ انتخابات کے پرامن انعقاد کے لیے سیکیورٹی اداروں، ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل رابطہ اور ہم آہنگی قائم ہے ۔

حساس اور انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر خصوصی سیکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے، امن و امان برقرار رکھنے کیلئے جامع سیکیورٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ ادارے مکمل طور پر الرٹ رہیں گے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:الیکشن کمیشن آزادکشمیر: ووٹرز فہرستوں کی تیاری ونظرثانی کا نوٹیفکیشن جاری

چیف الیکشن کمشنر نے سیاسی جماعتوں، امیدواروں، میڈیا اور عوام سے اپیل کی کہ وہ انتخابی قوانین اور ضابطۂ اخلاق پر عمل کرتے ہوئے آزاد، منصفانہ، شفاف اور پرامن انتخابات کے انعقاد میں اپنا کردار ادا کریں ۔