اسلام آباد(کشمیرڈیجیٹل) وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے مرکزی دفتر کا دورہ کیا
حریت کنوینر غلام محمد صفی نے حریت رہنماؤں کے ہمراہ وزیراعظم افتخار گیلانی کا استقبال کیا اور انہیں گلدستہ پیش کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر نے حریت کنوینر غلام محمد صفی اور حریت قیادت سے تفصیلی ملاقات کی
ملاقات میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی تازہ ترین صورتحال، بھارتی مظالم، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، کشمیری رہنماؤں کی گرفتاریوں و نظربندیوں اور اظہارِ رائے پر عائد پابندیوں سمیت تحریک آزادی کشمیر سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے بعد حریت قائدین کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے کہا کہ دنیا میں جانوروں کے بھی حقوق تسلیم کئے جاتے ہیں۔
لیکن مقبوضہ کشمیر کے عوام کو بنیادی انسانی حقوق تک میسر نہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ 79 سال سے جاری مظالم کی مثال انسانی تاریخ میں نہیں ملتی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:دانش سکولز میں داخلے شروع، مستحق طلباء و طالبات میں داخلہ فارم کی تقسیم جاری
انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی غیر متزلزل ہے اور انہیں اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت دیا جانا چاہیے۔
پاکستان کی جانب سے عالمی فورمز پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے کی جانے والی کوششیں قابلِ تحسین ہیں، تاہم مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر عالمی برادری کی خاموشی افسوسناک ہے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے مسئلہ کشمیر کو زندہ رکھنے اور کشمیری عوام کی آواز عالمی سطح پر بلند کرنے پر کل جماعتی حریت کانفرنس کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
وزیراعظم نےکہا کہ حریت قیادت اور حکومت آزاد کشمیر تحریک آزادی کشمیر کے حوالے سے اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہیں گی۔
انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول کے دوسری جانب کشمیری عوام تک ایسا پیغام پہنچنا چاہیے جس سے ان کے حوصلے بلند ہوں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:دانش سکولز میں داخلے شروع، مستحق طلباء و طالبات میں داخلہ فارم کی تقسیم جاری
افتخار گیلانی کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت کی ہے اور کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت آئندہ بھی جاری رکھی جائے گی۔
اس موقع پر حریت کنوینر غلام محمد صفی نے وزیراعظم آزاد کشمیر کے دورے اور کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور آزاد کشمیر کی سیاسی قیادت کی حمایت تحریک آزادی کشمیر کے لیے تقویت کا باعث ہے۔
حریت قیادت نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لیں اور کشمیری عوام کو ان کا بنیادی حق، حق خودارادیت دلانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
ملاقات کے اختتام پر مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل اور کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے حصول کے لیے مشترکہ سیاسی و سفارتی کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
اس موقع پر جاری مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ 5 اگست 2019ء کے یکطرفہ اقدامات اور ڈومیسائل و اراضی پالیسیوں کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کی مسلم اکثریتی شناخت تبدیل کرنے کی کوششیں ناقابل قبول ہیں۔
ملاقات کے اختتام پر شہدائے کشمیر و پاکستان، ملکی سلامتی و استحکام اور تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔




