محکمہ ان لینڈ ریونیو کی کوٹلی میں بڑی کارروائی،متعدد اکاونٹس منجمد

کوٹلی(کشمیر ڈیجیٹل)محکمہ ان لینڈ ریونیو سرکل کوٹلی کی ٹیکس نادہندگان کیخلاف  کامیاب کاررروائیاں جاری ہیں۔

ریکوری مہم کے دوران ٹیکس نادھندگان سے ایک ملین روپے سے زائد انکم ٹیکس بقایاجات وصول کر کے سرکاری خزانے میں جمع کرا دیئے۔

واجبات کی عدم ادائیگی پر متعدد نادہندگان کے بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے سمیت قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی گئی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پیٹرول 5 روپے 45 پیسے سستا، ڈیزل 3 روپے 68 پیسے مہنگا، نوٹیفکیشن جاری

تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینٹرل بورڈ آف ریونیو آزاد کشمیر باصل صدیق اور کمشنر ان لینڈ ریونیو ساؤتھ زون سید انصر علی شاہ کی خصوصی ہدایات پرکارروائی کی گئی۔

ڈپٹی کمشنر ان لینڈ ریونیو کوٹلی سردار تسلیم خان کی سربراہی میں سرکل کوٹلی کی ریکوری ٹیم نے ٹیکس نادہندگان سے سرکاری واجبات کی وصولی کے لیے کارروائیاں تیز کر رکھی ہیں۔

اس سلسلے میں ریکوری ٹیم نے نادہندگان کو واجب الادا ٹیکس کی ادائیگی کے لیے قانونی نوٹسز اور دیگر اقدامات کے ذریعے پابند کیا، ۔

عدم ادائیگی پر بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے سمیت قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی گئی۔

ان اقدامات کے نتیجے میں ایک ملین روپے سے زائد انکم ٹیکس بقایاجات وصول کر کے قومی خزانے میں جمع کرا دیے گئے۔

ریکوری مہم میں انسپکٹر ان لینڈ ریونیو چوہدری محمد منیر اور انسپکٹر ان لینڈ ریونیو راجہ اشتیاق احمد نے فعال کردار ادا کیا۔

ان افسران کی مسلسل محنت، مؤثر حکمت عملی اور فالو اَپ کے باعث سرکاری محصولات کی وصولی میں نمایاں پیش رفت ممکن ہوئی۔

ڈپٹی کمشنر ان لینڈ ریونیو سردار تسلیم خان خود ریکوری مہم کی نگرانی کر رہے ہیں۔متعلقہ عملے کو ریکوری کی ہدایات جاری کی گئی تھیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ملکی دفاع ناقابلِ تسخیر ،پاکستان کاایئر ٹو ایئر پہلے جدید میزائل فاز کا کامیاب تجربہ

ڈپٹی کمشنرنے کہا کہ ٹیکس نادہندگان سے واجب الادا سرکاری محصولات کی وصولی یقینی بنانے کیلئے بلاامتیاز قانونی کارروائی جاری رکھی جائے۔

ان کا کہنا ہے کہ ٹیکس کی بروقت وصولی ریاستی آمدن میں اضافے اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی تکمیل کے لیے بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔

ریونیو اعلیٰ حکام نے سرکل کوٹلی کی ریکوری ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ سرکاری محصولات کی وصولی کیلئے مؤثر اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا ۔
ٹیکس نادہندگان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی میں کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔