بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں،17دہشتگرد ہلاک ،پاک فوج کا جوان شہید

بلوچستان کے اضلاع کچھی اور خاران میں سکیورٹی فورسز کے 2 انٹیلی جنس بیسڈ  آپریشنز میں بھارتی پراکسی فتنہ ہندوستان اور فتنہ الخوارج کے17 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

 آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے دونوں کارروائیاں یکم نومبرکوکی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:گوادر: سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے دوران 7 دہشتگرد ہلاک، کلیئرنس آپریشن جاری

 آئی ایس پی آر کے مطابقکچھی ضلع کے علاقے سنی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، اس دوران دہشت گردوں نے شہر میں سڑک بند کرکے رکاوٹیں کھڑی کرنے کی کوشش کی تاہم سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ان کی یہ کوشش ناکام بنا دی۔

اس کارروائی میں بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے 10 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، دہشت گردوں  سے بھاری اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمدکیا گیا۔

دوسری کارروائی ضلع خاران میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی، جہاں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ایک ٹھکانے کا سراغ لگا کر اسے تباہ کر دیا۔

 اس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے 7دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ وہاں سے بھی اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کا بڑا وار، آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت فتنہ الہندوستان کا دہشت گرد ہلاک

شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران پاک فوج کے سپاہی حکمت اللہ نے بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ شہید سپاہی حکمت اللہ کی عمر 25 سال تھی اور ان کا تعلق ضلع کرک سے تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔ ملک سے بیرونی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کیا جائےگا۔