مظفرآباد : وزیراعظم کے ویژن کے مطابق آزاد کشمیر کے نوجوانوں کو جدید ہنر اور فنی و پیشہ وارانہ تربیت سے آراستہ کرکے انہیں معاشی طور پر خودمختار بنانے کیلئے آزاد جموں و کشمیر ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (اے جے کے ٹیوٹا) نے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے سکلڈ ڈویلپمنٹ پروگرام کا آغاز کر دیا ہے۔
پروگرام کی تشہیری مہم اے جے کے ٹیوٹا کے شعبہ پبلسٹی ونگ کی جانب سے شروع کر دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:بیروزگار نوجوانوں کیلئے خوشخبری، میڈیکل بلنگ کی تربیت کیلئے امریکی ادارے سے معاہدہ طے پا گیا
وزیر صنعت و تجارت عبدالرحمان آرائیں کی قیادت جبکہ چیئرمین ایکس آفیشو سیکرٹری اے جے کے ٹیوٹا مرزا عامر محمود کی رہنمائی میں شروع کیے گئے اس پروگرام کا مقصد آزاد کشمیر کے نوجوانوں، خواتین دور دراز علاقوں سے تعلق رکھنے والے افراد اور مہاجرین جموں و کشمیر 1947ء و 1989ء کے نوجوانوں اور خواتین کو جدید فنی و پیشہ وارانہ تربیت فراہم کرنا ہے تاکہ وہ ریاست کی ترقی میں بھی موثر کردار ادا کریں۔
اے جے کے ٹیوٹا کی جانب سے آؤٹ سورس ٹریننگ پروگرام کے تحت مختلف جدید اور مارکیٹ ڈیمانڈ سے ہم آہنگ کورسز میں داخلوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
سکلڈ ڈویلپمنٹ پروگرام میں داخلہ فارم جمع کروانے کی آخری تاریخ 13 نومبر مقرر کی گئی ہے جس کے داخلہ فارم اے جے کے ٹیوٹاکی ویب سائٹ اور ضلعی دفاتر سے حاصل کیے جا سکتے ہیں نوجوانوں کو جدید کورسز اور ہنر مندی مفت سکھائی جا رہی ہے۔
پروگرام کے تحت نوجوانوں کو ایسے فنی اور پیشہ وارانہ شعبوں میں تربیت فراہم کی جائے گی جن کی ملکی و بین الاقوامی سطح پر نمایاں مانگ موجود ہے ان شعبوں میں آئی ٹی، ہیوی مشینری، ہیلتھ، کنسٹرکشن اینڈ سیفٹی، فیشن اینڈ ڈیزائننگ، پروفیشنل کک اور شیف سمیت متعدد جدید کورسز شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد ڈولفن فورس میں بھرتی، کشمیری نوجوان بھی اہل قرار
آئی ٹی کے شعبے میں ڈیجیٹل مارکیٹنگ، آرٹیفیشل انٹیلیجنس، موبائل ایپ ڈویلپمنٹ اور ایڈوانس ویب ایپلیکیشن ڈویلپمنٹ جیسے جدید کورسز کرائے جائیں گے، جبکہ ہیوی مشینری کے شعبے میں موبائل کرین آپریٹر، ایکسویٹر اور لوڈر آپریٹر کی تربیت فراہم کی جائے گی۔
اسی طرح شعبہ صحت میں دو سالہ ڈپلومہ کورسز کے تحت او ٹی ٹیکنیشن، لیب ٹیکنیشن اور نرسنگ اسسٹنٹ کی تربیت دی جائے گی۔
کنسٹرکشن اینڈ سیفٹی، فیشن ڈیزائننگ، پروفیشنل کک اور شیف سمیت دیگر شعبوں میں بھی نوجوانوں کو عملی اور پیشہ وارانہ مہارتیں سکھائی جائیں گی۔
اے جے کے ٹیوٹا سکلڈ ڈویلپمنٹپروگرام کا بنیادی مقصد نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے انہیں روزگار کے قابل بنانا، معاشی خودمختاری کی راہ ہموار کرنا اور آزاد کشمیر میں ہنرمند افرادی قوت تیار کرنا ہے جدید فنی تعلیم اور مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق تربیت کے ذریعے نوجوانوں کے لیے نہ صرف مقامی سطح پر روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ بیرون ملک ملازمتوں کے حصول کے امکانات بھی بڑھیں گے۔
چیئرمین ایکس آفیشو سیکرٹری اے جے کے ٹیوٹا مرزا عامر محمود نے کہا ہے کہ اے جے کے ٹیوٹا آزاد کشمیر سے بے روزگاری کے خاتمے اور نوجوانوں کو ہنرمند بنانے کے لیے پرعزم ہے اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے نوجوانوں اور خواتین کو جدید ہنر اور آئی ٹی کی تعلیم سے آراستہ کرکے انہیں خودکفیل بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب نوجوان ہنر سیکھ کر اپنے پاؤں پر کھڑے ہوں گے تو وہ نہ صرف اپنے خاندانوں کی کفالت بہتر انداز میں کر سکیں گے بلکہ ریاست کی معاشی ترقی میں بھی اپنا کردار ادا کریں گے۔
ہنرمند افرادی قوت کی تیاری سے بے روزگاری میں کمی اور معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں:برطانیہ میں پناہ گزینوں کیلیے پروگرام، پاکستان بھی اہل ممالک میں شامل
مرزا عامر محمود نے کہا کہ اے جے کے ٹیوٹا ریاست کے نوجوانوں کو جدید فنی تعلیم اور آئی ٹی کی مہارتوں سے لیس کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہا ہے نوجوان روایتی تعلیم کے ساتھ ساتھ جدید ہنر اور ٹیکنالوجی کی طرف بھی آئیں موجودہ دور میں فنی مہارت، جدید آئی ٹی اور پیشہ وارانہ قابلیت ہی روزگار اور کامیابی کے نئے دروازے کھول سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے نوجوانوں میں صلاحیتوں کی کوئی کمی نہیں ضرورت صرف انہیں مناسب مواقع، جدید تربیت اور مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنر فراہم کرنے کی ہے۔




