ہٹیاں بالا (کشمیر ڈیجیٹل)ضلعی انتظامیہ اور محکمہ فوڈ کی مبینہ غفلت کے باعث ہٹیاں بالا میں غیر معیاری پاپڑز کی فروخت اور سپلائی کا سلسلہ جاری رہنے کا انکشاف ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق ہٹیاں بالا کے مختلف دیہات میں قائم گوداموں میں مبینہ طور پر غیر معیاری پاپڑز بڑی مقدار میں ذخیرہ کیے گئے ہیں، جو مختلف دکانوں کے ذریعے بالخصوص بچوں تک پہنچ رہے ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:سابق وزیراعظم فیصل راٹھور کی انتخابی کامیابی کیخلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر
مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ غیر معیاری پاپڑز کے استعمال کے باعث بچوں میں مختلف بیماریوں اور صحت کے مسائل پیدا ہونے کی شکایات سامنے آ رہی ہیں، جس کے باعث والدین میں تشویش پائی جاتی ہے۔
شہریوں کے مطابق اس صورتحال کے باوجود ضلعی انتظامیہ اور محکمہ فوڈ کی جانب سے غیر معیاری اشیائے خورونوش کے خلاف مؤثر کارروائی دکھائی نہیں دے رہی، جبکہ مبینہ طور پر گوداموں اور دکانوں میں پاپڑز کی سپلائی کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:وادی نیلم: مکئی کی فصل کی کٹائی زور و شور سے جاری، خزاں کی دستک
شہریوں نے وزیراعظم آزاد کشمیر سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ہٹیاں بالا میں غیر معیاری پاپڑز کی فروخت، ذخیرہ اندوزی اور سپلائی کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے۔
گوداموں اور دکانوں کی چیکنگ کرائی جائے اور غفلت کے مرتکب ذمہ داران کا تعین کرکے قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔




