وادی نیلم: مکئی کی فصل کی کٹائی زور و شور سے جاری، خزاں کی دستک

وادی نیلم(کشمیر ڈیجیٹل) وادی نیلم میں موسم گرما رخصت ہوگیا اور خزاں نے دستک دے دی ہے۔ مکئی کی فصل کی کٹائی زورو وشور سے جاری۔

سردیوں کی آمد سے قبل وادی کے دیہی علاقوں میں سال کی واحد اہم فصل مکئی کی کٹائی اور اسے محفوظ کرنے کا عمل شروع ہوگیا ۔

جہاں بلند پہاڑوں پر موسم سرما میں کئی فٹ برف پڑتی ہے، وہیں مقامی لوگ موسم کی سختیوں سے پہلے اپنی فصل گھروں تک پہنچانے میں مصروف ہیں۔

جنت نظیر وادیٔ نیلم میں موسم خزاں کی آمد کے ساتھ ہی کھیتوں میں مکئی کی فصل پک کر تیار ہوگئی ہے۔ بہار کے خوبصورت رنگوں کے بعد اب وادی کے پہاڑوں پر خزاں کی دستک سنائی دینے لگی ہے۔

مقامی کسان مکئی کی تیار فصل کو روایتی انداز میں کاٹنے، چھانٹنے اور صاف کرنے کے بعد گھروں میں محفوظ کر رہے ہیں، تاکہ آنے والے برفانی موسم میں خوراک کی ضروریات پوری کی جاسکیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:کوٹلی: اقدامِ قتل ،حملہ کیس، ملزم نعمان رزاق کو قیداور بھاری جرمانے کی سزا سنادی

وادیٔ نیلم کے بالائی علاقوں میں موسم سرما کے دوران شدید برف باری ہوتی ہے اور کئی مقامات پر کئی فٹ تک برف پڑتی ہے۔ ایسے میں مکئی کی فصل مقامی آبادی کے لیے نہ صرف خوراک کا اہم ذریعہ ہے بلکہ سال بھر کی محنت کا حاصل بھی سمجھی جاتی ہے۔

کھیتوں سے مکئی کی فصل سمیٹنے کے مناظر وادی کے دیہی طرزِ زندگی اور صدیوں پرانی زرعی روایات کی عکاسی کرتے ہیں۔ خواتین اور مرد مل کر مکئی کو صاف کرتے اور اسے آئندہ کئی ماہ کے لیے محفوظ کرنے کا اہتمام کرتے ہیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:تقسیم ہند کا ایجنڈا اور مسئلہ کشمیر کی تقریب رونمائی،کشمیری عوام کی قربانیوں سے تحریک آزادی زندہ،وزیراعظم

مقامی افراد کا کہنا ہے کہ موسم کی تبدیلی کے ساتھ فصل کو بروقت گھروں تک پہنچانا ضروری ہے، کیونکہ آنے والے دنوں میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوجاتا ہے اور بالائی علاقوں میں برف باری کے باعث معمولاتِ زندگی بھی متاثر ہوتے ہیں۔

یوں بہار کی رخصتی اور خزاں کی آمد کے ساتھ وادیٔ نیلم میں مکئی کی کٹائی کا یہ روایتی سلسلہ جاری ہے۔ کھیتوں سے فصل سمیٹتے کسان جہاں اپنے سال بھر کے رزق کو محفوظ کر رہے ہیں، وہیں وادی نیلم ایک بار پھر موسم کی نئی کروٹ کے استقبال کے لیے تیار ہے۔