پونچھ انتظامیہ کا راولاکوٹ کے تمام تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ

راولاکوٹ(کشمیر ڈیجیٹل)ضلع پونچھ کی انتظامیہ نے طویل عرصے سے جاری کالعدم ایکشن کمیٹی کے دھرنے اور احتجاجی لہر کے بعد علاقے میں تعلیمی سرگرمیاں بحال کرنے کا بڑا فیصلہ کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق، ڈپٹی کمشنر پونچھ سید ممتاز کاظمی کی زیرِ صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں تعلیمی اداروں کی دوبارہ کشادگی کے فیصلے کی منظوری دی گئی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کے 7 مقامات پر5 جی سروس کا آغاز

انتظامی ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں صرف نویں اور دسویں جماعتوں کے طلباء و طالبات کے لیے کلاسز کا اجراء کیا جا رہا ہے تاکہ ان کے بورڈ کے امتحانات کی تیاری متاثر نہ ہو۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سید ممتاز کاظمی نے والدین سے بالخصوص اپیل کی کہ وہ بغیر کسی تاخیر کے اپنے بچوں کو اسکول بھیجیں تاکہ ان کے تعلیمی مستقبل کو مزید ضائع ہونے سے بچایا جا سکے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:انٹرنیشنل تھی ازم یونیورسٹی نے مولانا طارق جمیل کو پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری دیدی

پونچھ انتظامیہ نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا ہے کہ احتجاج اور دھرنوں کی وجہ سے راولاکوٹ کے طلباء کا جو تعلیمی نقصان ہوا ہے اس کے ازالے کیلئے آئندہ تین ماہ کے دوران اضافی کلاسز اور خصوصی اقدامات کے ذریعے تعلیمی کمی کو پورا کیا جائے گا۔