پاکستان نے اقوام متحدہ کی تخفیف اسلحہ کانفرنس کی صدارت سنبھال لی

جنیوا(کشمیر ڈیجیٹل)پاکستان نے اقوام متحدہ کی تخفیف اسلحہ کانفرنس کی صدارت سنبھال لی ہے، سفیر طاہر حسین اندرابی کانفرنس کے اجلاسوں کی صدارت کریں گے۔

دفتر خارجہ کے مطابق تخفیف اسلحہ کانفرنس دنیا کا واحد کثیرالجہتی فورم ہے جہاں تخفیف اسلحہ اور اسلحے پر کنٹرول سے متعلق معاہدوں پر مذاکرات ہوتے ہیں۔ جنیوا میں اقوام متحدہ کے دفتر میں ہونے والی کانفرنس میں 65 رکن ممالک شامل ہیں، جن میں تمام جوہری ہتھیار رکھنے والی ریاستیں بھی شامل ہیں۔

دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اپنی صدارت کے دوران کانفرنس کی سالانہ رپورٹ اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی پہلی کمیٹی میں متعلقہ قرارداد سے متعلق مذاکرات کی رہنمائی کرے گا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:عمران خان کی آنکھ نارمل ،ڈاکٹرز روزانہ چیک اپ کرتے ہیں، سپریم کورٹ میں رپورٹ جمع

پاکستان نے کانفرنس کی صدارت سنبھالتے ہی مشاورت کا عمل شروع کردیا ہے۔ سفیر طاہر حسین اندرابی نے 2026 کے اجلاس کی سابقہ صدارت کرنے والے ممالک کے نمائندوں کے اجلاس کی صدارت کی اور علاقائی گروپوں کے نمائندوں سے بھی مشاورت کی۔

دفتر خارجہ کے مطابق تخفیف اسلحہ کانفرنس اور اس کے پیشرو اداروں نے بین الاقوامی سلامتی سے متعلق اہم معاہدوں پر مذاکرات میں کردار ادا کیا، جن میں حیاتیاتی ہتھیاروں کے کنونشن، کیمیائی ہتھیاروں کے کنونشن اور جامع جوہری تجربات پر پابندی کے معاہدے شامل ہیں۔

دفتر خارجہ کے مطابق کانفرنس کے ایجنڈے میں جوہری ہتھیاروں کی دوڑ کا خاتمہ، جوہری جنگ کی روک تھام اور بیرونی خلا کو ہتھیاروں کی دوڑ سے محفوظ رکھنے سمیت اہم معاملات شامل ہیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:انتخابی رنجش: ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی مخالفین کیخلاف سیاسی انتقام پراتر آئے

یہ 2026 کے اجلاس کے لیے کانفرنس کی آخری صدارت ہے، جس کے بعد رواں سال کی کارروائی مکمل ہوجائے گی۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ موجودہ اہم عالمی حالات میں پاکستان کی جانب سے کانفرنس کی صدارت سنبھالنا عالمی برادری کے پاکستان کی سفارتی قیادت پر اعتماد اور کثیرالجہتی اسلحہ کنٹرول و تخفیف اسلحہ کے لیے اس کے تعمیری کردار کی عکاسی کرتا ہے۔

ترجمان کے مطابق اس صدارت کے ذریعے پاکستان کو اسلحہ کنٹرول، تخفیف اسلحہ، عالمی امن اور سلامتی سے متعلق عالمی مباحثے میں مرکزی کردار حاصل ہوگا۔