سم کارڈ کے نام پر فراڈ، پی ٹی اے کا شہریوں کیلئے الرٹ جاری

اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے شہریوں کو سم کارڈ کے نام پر ہونے والے فراڈ سے خبردار کرتے ہوئے بائیومیٹرک معلومات کے غلط استعمال سے محتاط رہنے کی ہدایت کر دی۔

پی ٹی اے کے مطابق جعلساز مختلف بہانوں، جعلی پیغامات اور مفت منٹس، ڈیٹا یا بیلنس کی لالچ دے کر شہریوں سے سم کارڈ حاصل کرنے یا ان کی بائیومیٹرک معلومات استعمال کرنے کی کوشش کرسکتے ہیں۔

پی ٹی اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ موبائل سم ہمیشہ موبائل کمپنی کے مجاز فرنچائز یا کسٹمر سروس سینٹر سے حاصل کریں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:دھرنے والےخود کو قانون کے حوالے کریں،نئی حکومت مسئلہ حل کرے گی،رانا ثناء اللہ

اتھارٹی کے مطابق بائیومیٹرک تصدیق کے بعد شہری اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان کے سامنے ہی وہی سم فعال کی گئی ہے جو انہوں نے حاصل کی ہے۔

پی ٹی اے نے خبردار کیا کہ مفت منٹس، انٹرنیٹ ڈیٹا یا بیلنس کے لالچ میں کسی کو سم دینے یا اسے بعد میں استعمال کرنے کے جھانسے میں ہرگز نہ آئیں، تاکہ بائیومیٹرک معلومات اور موبائل کنکشن کے ممکنہ غلط استعمال سے محفوظ رہا جاسکے۔

اس سے قبل پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ملک میں ای سم کے استعمال کو فروغ دینے کے لیے اہم اقدامات کا اعلان کیا۔

پی ٹی اے کے مطابق ای سم کے اجرا اور روایتی سم کو ای سم میں تبدیل کرنے کی فیس کم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر: موسم گرما کی تعطیلات میں مزید 4 روز توسیع کا اعلان

پی ٹی اے اعلامیے کے مطابق ای سم کے اجرا اور روایتی سم کو ای سم میں تبدیل کرنے کی زیادہ سے زیادہ فیس 1500 روپے مقرر کی گئی ہے، نظرثانی شدہ فیس پاکستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں یکساں طور پر نافذ ہو گی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ صارفین اب ایک موبائل ڈیوائس سے دوسری ڈیوائس میں ای سم پروفائل 10 مرتبہ مفت منتقل کرسکیں گے۔ پی ٹی اے نے ای سم پروفائل کی مفت منتقلی کی سہولت میں بھی اضافہ کر دیا ہے تاکہ صارفین کے لیے جدید موبائل ٹیکنالوجی کا استعمال مزید آسان بنایا جاسکے۔

پی ٹی اے کے مطابق نظرثانی شدہ فیس اور مفت ای سم منتقلی کی نئی سہولت 17 اگست 2026 سے نافذ العمل ہو گی۔

اتھارٹی کا کہنا ہے کہ فیس میں کمی اورای سم پروفائل کی مفت منتقلی کی سہولت میں اضافے کا بنیادی مقصد ملک میں ای سم کے استعمال کو فروغ دینا اور زیادہ سے زیادہ صارفین کو اس جدید سہولت سے مستفید ہونے کا موقع فراہم کرنا ہے۔