مسلم کانفرنس کو بڑا جھٹکا،سابق امیدوار اسمبلی راجہ افتخار ن لیگ میں شامل

اسلام آباد:آزاد کشمیر میں الیکشن 2026 میں سیاسی جوڑ تو عروج پر پہنچ گیا،کوٹلی حلقہ سہنسہ سے مسلم کانفرنس کے سینئر رہنما و امیدوار اسمبلی راجہ افتخار نے مسلم کانفرنس چھوڑ کر مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کر لی۔

راجہ افتخار نے آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار راجہ آصف کی بھرپور حمایت کا بھی اعلان کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں: رانا ثناء اللہ کی موجودگی میں ن لیگ اور پی ٹی آئی رہنماؤں کی کرنل وقار نور کی حمایت

وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام نے راجہ افتخار اور ان کے ساتھیوں کو مسلم لیگ (ن) میں شمولیت پر خوش آمدید کہااور کہا کہ مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونے والے تمام رہنماؤں کو عزت اور احترام دیا جائے گا۔

انجینئر امیر مقام نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کشمیر اور پاکستان کے مضبوط رشتے پر مکمل یقین رکھتی ہے، نواز شریف اور شہباز شریف کی قیادت میں آزاد کشمیر کی ترقی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر میں امن، استحکام اور ترقی کے لیے سب کو متحد ہو کر کام کرنا ہوگا،ٹکٹ صرف ایک امیدوار کو ملتا ہے، تمام کارکن پارٹی امیدوار کی کامیابی کے لیے متحد رہیں۔

امیر مقام نے پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ اختلافات بھلا کر مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کی کامیابی یقینی بنائیں، کارکن اخلاص کے ساتھ پارٹی کے لیے کام کریں

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھائے گی،مانسہرہ تا مظفرآباد موٹروے سمیت بڑے ترقیاتی منصوبوں پر سنجیدگی سے کام جاری ہے،

عوام کو سستی بجلی اور آٹے سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے،حکومت عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے،پاکستان اور آزاد کشمیر کا رشتہ لازوال ہے، اسے کوئی کمزور نہیں کر سکتا

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے ہمیشہ پاکستان کے ساتھ اپنی محبت اور وفاداری کا ثبوت دیا ہے، پاکستان مخالف بیانیہ کسی صورت قبول نہیں، قومی مفاد پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

امیر مقام نے واضح کیا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات ہر صورت مقررہ شیڈول کے مطابق ہوں گے۔

اس موقع پر راجہ افتخار نےکہاکہ مسلم لیگ (ن) ان کے دل کے قریب جماعت رہی ہے، اسی لیے کارکنوں سمیت شمولیت اختیار کی،ماضی کی تمام سیاسی تلخیاں بھلا کر مسلم لیگ (ن) کے قافلے میں شامل ہواہوں۔

یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی کے سابق امیدوار اسمبلی انوار الحق نور ن لیگ میں شامل

انہوں نے کہا کہ ہزاروں ووٹروں اور ساتھیوں سمیت مسلم لیگ (ن) کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے، آزاد کشمیر میں پاکستان کے نظریے کو ہر قیمت پر مضبوط رکھا جائے گا۔

اس موقع پرمسلم لیگ (ن) کے سہنسہ سے امیدوار راجہ آصف نے راجہ افتخار اور ان کے ساتھیوں کی شمولیت کو پارٹی کے لیے بڑا سیاسی اضافہ قرار دیااور کہا کہمسلم لیگ (ن) کے تمام رہنما متحد ہو کر انتخابی مہم چلائیں گے۔