ورلڈ کپ پہلے ہی فکس تھا،مصری کھلاڑی ریفری کے متنازع فیصلے پر پھٹ پڑے

فیفا ورلڈکپ کے پری کوارٹر فائنل میں ارجنٹینا کے خلاف میچ میں متنازع فیصلوں کے بعد مصری کھلاڑی اور کوچ ریفریز پر شدید برہم ہو گئے۔

ارجنٹینا کی مصر کے خلاف ڈرامائی فتح کے بعد مصری کھلاڑی، سوشل میڈیا صارفین اور ٹیم کے کوچ نے متنازع فیصلوں پر ریفریز کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

یہ بھی پڑھیں:فیفا ورلڈکپ، ارجنٹینا مصر کو شکست دے کر کوارٹر فائنل میں پہنچ گیا

ارجنٹینا کے خلاف میچ کے دوسرے ہاف میں مصر کا ایک گول وی اے آر کے ذریعے مسترد کر دیا گیا۔ ریفری نے تقریباً 100 گز دور ہونے والے ایک مبینہ فاؤل کی بنیاد پر گول منسوخ کیا، جس پر مصری ٹیم نے سخت اعتراض کیا۔

میچ کے آخری لمحات میں مصر کے اسٹار فٹبالر اور کپتان محمد صلاح اور ارجنٹینا کے کھلاڑی کا ایک موقع پر آمنا سامنا ہوا تاہم اس دوران ارجنٹینا کے کھلاڑی نے محمد صلاح کو پھنسا کر گرادیا۔

ارجنٹینا کے کھلاڑی کے اس عمل پر ریفری کی جانب سے فاؤل نہیں دیا گیا، ریفری کے اس فیصلے کو سوشل میڈیا پر صارفین نے شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

ایک اور موقع پر بھی مصر اور ارجنٹینا کے کھلاڑی کا آمنا سامنا ہوا تاہم یہاں بھی ارجنٹینا کے کھلاڑی مصری کھلاڑی کو گرا کر آگے چل دیئے۔

ریفری کی جانب سے ارجنٹینا کھلاڑیوں کے اس عمل پر فاؤل اور مصر کو پنالٹی شوٹ نہ دینے پر صارفین پھٹ پڑے۔

یہ بھی پڑھیں:فیفا ورلڈ کپ : بیلجیئم نے امریکا کو 1-4 سے ہرا کر کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا

مصری ٹیم کے ہیڈکوچ حسام حسن نے میچ کے دوران ریفری کے بعض فیصلوں پر سخت اعتراض کرتے ہوئے احتجاج ریکارڈ کرایا جس کے بعد ریفری نے انہیں وارننگ دیتے ہوئے یلو کارڈ جاری کیا۔

بعد ازاں ارجنٹینا نے دوسرے ہاف میں 3 گول کرکے مصر کو 2-3 سے شکست دے کر کوارٹرفائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔

میچ کے بعد مصر کے کھلاڑی مصطفیٰ زکو نے ریفریز کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ارجنٹینا کو ورلڈ کپ جیتنے پر مبارک ہو، ٹورنامنٹ پہلے ہی فکس تھا، انہیں اس کے لیے مزید کسی چیز کی ضرورت نہیں تھی۔

مصری کھلاڑی نے مزید کہا کہ ریفری بے ایمان تھا، بے ایمان تھا ، ریفری بے ایمان تھا۔دوسری جانب مصر کے ہیڈ کوچ حسام حسن نے بھی ریفریز پر جانبداری کا الزام لگایا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق مصر کے ہیڈ کوچ حسام حسن نے کہا کہ نتائج کچھ بھی ہوں، میں وہی کہوں گا جو میرے دل میں ہے۔ یہ واضح طور پر ایک فکس میچ تھا اور پوری دنیا نے یہ دیکھا۔

یہ بھی پڑھیں:فیفا ورلڈکپ: انگلینڈ میزبان میکسیکو کو شکست دے کر کوارٹر فائنل میں پہنچ گیا، اگلا ٹکراؤ ناروے سے ہوگا

مصر کے ہیڈ کوچ حسام حسن نے مزید کہا کہ اگر وہ اتنی ہی شدت سے چاہتے تھے کہ ارجنٹینا جیتے، تو پھر باقی تمام ٹیموں کو ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے کیوں بلایا؟

واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر صارفین ریفری کے فیصلوں کو سخت تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔