’’پاک چین دوستی زمینی سرحدوں سے خلاکی وسعتوں تک‘‘مسلح افواج کی خلائی مشن کی کامیابی پر قوم کو مبارکباد

راولپنڈی:مسلح افواج پاکستان کی قیادت نے ملک کے پہلے انسانی خلائی مشن کے آغاز پر قوم، قومی خلائی ادارے سپارکو اور سائنسی برادری کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس پیش رفت کو ملکی سائنسی و تکنیکی ترقی میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف اور پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے اس تاریخی موقع پر قوم، سپارکو اور سائنسدانوں کو مبارکباد دی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پاک چین دوستی کہکشاؤں تک جا پہنچی،ذیشان علی 25کروڑ پاکستانیوں کی  امیدیں لے کر خلا میں پہنچ گئے، نئی تاریخ رقم

عسکری قیادت کا کہنا ہے کہ ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی پاکستان کے پہلے خلاباز اور چینی خلائی اسٹیشن تیان گونگ جانے والے پہلے غیر ملکی خلاباز بن گئے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ مسلح افواج کی جانب سے اس خلائی مشن کی کامیابی میں کردار ادا کرنے والے سائنسدانوں، انجینئرز اور سپارکو کی ٹیموں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے،جبکہ اس مشن میں تعاون فراہم کرنے پر چین کی قیادت، حکومت اور عوام سے بھی اظہار تشکر کیا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق عسکری قیادت نے اس بات کا اظہار کیا کہ پاکستان اور چین کی دوستی زمین کی سرحدوں سے آگے خلا کی وسعتوں تک نئی بلندیوں کو چھو چکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:چین اور پاکستان کے خلا باز ایک ہی خواب ،ایک ہی منزل کے ساتھی بن چکے ، چینی سفارتخانے کا پیغام

بیان میں کہا گیا ہےکہ پاکستان کا انسانی خلائی سفر میں داخل ہونا ملکی افرادی قوت، سائنسی صلاحیتوں اور تکنیکی استعداد کا مظہر ہےاور یہ تاریخی خلائی مشن نوجوان نسل کو سائنس، ٹیکنالوجی اور جدت کے شعبوں میں آگے بڑھنے کی ترغیب دے گا۔

مسلح افواج کی جانب سے ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی کے خلائی مشن کی کامیابی اور ان کی بحفاظت زمین پر واپسی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا ہے۔