مظفرآباد: آزاد کشمیر میں ادویات کی فروخت اور نگرانی کا نظام تبدیل کرتے ہوئے ڈرگ سیلز رولز 1979 منسوخ کردیا ہے اورنئے ڈرگ سیلز رولز 2021 نافذ کر دئیے گئے ہیں۔
کشمیر ڈیجیٹل کی رپورٹ کے مطابق آزاد جموں و کشمیر میں ادویات کی فروخت، معیار اور نگرانی کے نظام کو مؤثر بنانے کے لیے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے ڈرگ سیلز رولز 2021 باقاعدہ نافذ کر دیے گئے ہیں، جبکہ سابقہ ڈرگ سیلز رولز 1979 منسوخ کر دیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹروں اور ادویات کی عدم دستیابی برداشت نہیں، صدرآزادکشمیر
نئے قواعد کے تحت آزاد کشمیر کے تینوں ڈویژنز مظفرآباد، میرپور اور پونچھ میں ڈرگ کورٹس کے اختیارات بھی تفویض کر دیے گئے ہیں۔
نئے قواعد کا مقصد جعلی، غیر معیاری اور زائد المیعاد ادویات کی فروخت کی روک تھام، بغیر نسخے ادویات کی غیر قانونی فروخت کی حوصلہ شکنی اور نشہ آور و کنٹرول شدہ ادویات کی خرید و فروخت کو ضابطے میں لانا ہے۔
نئے ڈرگ رولز کے تحت کوالٹی کنٹرول بورڈ بھی قائم کر دیا گیا ہے، جس کے چیئرمین سیکرٹری صحت ہوں گے، جبکہ ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ، میڈیکل کالجز کے ہیڈ آف فارماکولوجی اور سیکرٹری کوالٹی کنٹرول بورڈ کے ممبران ہوں گے۔
قواعد کے مطابق ڈرگ انسپکٹرز اور گورنمنٹ اینالسٹس ہر تین ماہ بعد معائنہ کرنے کے پابند ہوں گے، جبکہ ڈرگ انسپکٹرز کی ذمہ داریوں اور اختیارات میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر میں ادویات کے کاروبار پر شکنجہ کسنے کی تیاری، فارمیسیز کی سخت نگرانی کا فیصلہ
نئے نظام کے تحت ادویات کی فروخت کے لیے لائسنسنگ کا طریقہ کار متعارف کروایا گیا ہے، میڈیکل اسٹورز اور فارمیسیوں کی نگرانی کے لیے اہل افراد کی موجودگی لازمی قرار دی گئی ہے، جبکہ کنٹرول شدہ ادویات کی فروخت اور سائن بورڈز کے ذریعے کاروباری مراکز کی شناخت کے لیے بھی ضابطے وضع کیے گئے ہیں۔
نئے ڈرگ سیلز رولز میں خلاف ورزیوں پر سزاؤں اور اپیلوں کے طریقہ کار کا بھی تعین کیا گیا ہے۔ اس اقدام کو آزاد کشمیر میں ادویات کے معیار، عوامی صحت کے تحفظ اور میڈیکل اسٹورز کی نگرانی کے نظام میں اہم تبدیلی قرار دیا جا رہا ہے۔




