پاک چین دوستی کہکشاؤں تک جا پہنچی،ذیشان علی 25کروڑ پاکستانیوں کی  امیدیں لے کر خلا میں پہنچ گئے، نئی تاریخ رقم

پاکستان کے پہلے خلا باز محمد ذیشان علی چین کے خلائی مشن شین ژو 24 کے ذریعے کامیابی سے زمین کے مدار میں پہنچ گئے ہیں۔ ان کے ہمراہ 2 چینی خلا باز بھی موجود ہیں۔

 اس تاریخی پرواز کے ساتھ ذیشان علی زمین کے مدار میں پہنچنے والے پہلے پاکستانی اور چین کے تیانگونگ خلائی اسٹیشن جانے والے پہلے غیر ملکی خلا باز بن گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:چین اور پاکستان کے خلا باز ایک ہی خواب ،ایک ہی منزل کے ساتھی بن چکے ، چینی سفارتخانے کا پیغام

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق خلائی جہاز شین ژو 24 پاکستانی وقت کے مطابق صبح 5 بج کر 18 منٹ پر چین کے جیو کوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے لانگ مارچ 2 ایف راکٹ کے ذریعے روانہ ہوا۔

رائٹرز نے چینی خلائی ایجنسی کا حوالہ دے کر بتایا کہ لانچ کے تقریباً 10 منٹ بعد خلائی جہاز راکٹ سے الگ ہو کر اپنے مقررہ مدار میں داخل ہوگیا۔ ایجنسی نے مشن کو مکمل طور پر کامیاب قرار دیتے ہوئے بتایا کہ تینوں خلا باز خیریت سے ہیں۔

اس مشن میں چین کے خلا باز تانگ ہونگ بو کمانڈر جبکہ وو یی فلائٹ انجینئر کی حیثیت سے شامل ہیں۔ مشن کے دوران تیانگونگ خلائی اسٹیشن پر پہلے سے موجود شینژو 23 کے عملے کے ساتھ ذمہ داریوں کا تبادلہ بھی کیا جائے گا۔

 ذیشان علی شینژو 23 کے دو دیگر خلا بازوں کے ساتھ اسی خلائی جہاز کے ذریعے زمین پر واپس آئیں گے۔

40 سالہ محمد ذیشان علی اس مشن میں پے لوڈ اسپیشلسٹ کی حیثیت سے فرائض انجام دیں گے۔ رائٹرز کے مطابق وہ تیانگونگ خلائی اسٹیشن پرقیام کے دوران مختلف سائنسی تجربات میں حصہ لیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:خلائی سفرمیں تاریخی پیشرفت، قوم کا محمد ذیشان کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار

ان تجربات میں بائیو ٹیکنالوجی، میٹریل سائنس اور فوٹو سنتھیٹک مائیکرو آرگنزمز سے متعلق تحقیق شامل ہے۔ اس کے علاوہ سائنسی نمونوں اور آلات کی تنصیب اور خلا میں ان کی جانچ بھی ان کی ذمہ داریوں کا حصہ ہوگی۔

رائٹرز کے مطابق مشن کی ایک غیر معمولی بات یہ بھی ہے کہ شین ژو 23 کے کمانڈر ژو یانگ ژو خلائی اسٹیشن پر مزید ایک سال قیام کریں گے جبکہ ان کے 2 ساتھی زمین پر واپس آئیں گے۔

رائٹرز کے مطابق ژو یانگ ژو خلا میں انسانی جسم پر طویل قیام کے اثرات سے متعلق تحقیق میں حصہ لیں گے۔ یہ تحقیق مستقبل میں انسانوں کو چاند اور مریخ پر بھیجنے کے منصوبوں کے لیے اہم سمجھی جاتی ہے۔

 ان کے ایک سالہ قیام کے اختتام پر وہ کسی چینی خلا باز کے خلا میں طویل ترین انفرادی قیام کا ریکارڈ قائم کریں گے۔

خلائی جہاز کی روانگی سے قبل بدھ کی صبح جیوکوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر میں تینوں خلا بازوں کے اعزاز میں الوداعی تقریب بھی منعقد ہوئی جس میں پاکستانی اور چینی حکام نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال بھی تقریب میں موجود تھے اور انہوں نے مشن کی روانگی کا مشاہدہ کیا۔

گزشتہ روز جیوکوان خلائی مرکز میں شین ژو 24 کے تینوں خلا بازوں نے ملکی اور غیر ملکی صحافیوں کو بریفنگ دی تھی۔

یہ بھی پڑھیں:صدر،وزیراعظم کی ذیشان علی کے خلائی سفر پر قوم کو مبارکباد

 اس موقع پر محمد ذیشان علی نے چینی زبان میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس مشن میں شرکت ان کے اور پاکستان کے لیے ایک تاریخی سنگ میل ہے۔ انہوں نے چینی حکومت کا شکریہ ادا کیا جس نے پاکستان کے خلا میں جانے کے خواب کو حقیقت بنانے میں مدد دی۔

ذیشان علی نے بتایا کہ وہ 7 ماہ قبل چین کے ایسٹروناٹ سینٹر پہنچے تھے اور اپنے ساتھ 25 کروڑ پاکستانیوں کی امیدیں لے کر آئے تھے۔ ان کے بقول چین میں تربیت کے دوران انہوں نے خلائی پرواز سے متعلق اہم مہارتیں حاصل کیں اور چینی ساتھیوں کے ساتھ براہ راست بات چیت کے لیے چینی زبان بھی سیکھی۔