ہٹیاں بالا(کشمیر ڈیجیٹل)آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کیلئے ضلع جہلم ویلی کے حلقہ نمبر 6 چکار اور حلقہ نمبر 7 لیپہ ویلی میں کاغذات نامزدگی واپس لینے کا سلسلہ جاری ہے۔
جبکہ الیکشن کمیشن نے کاغذات نامزدگی واپس لینے کی تاریخ میں ایک روز کی توسیع کرتے ہوئے نئی آخری تاریخ 04 جولائی 2026 مقرر کر دی ہے جس کے باعث مزید امیدواروں کی دستبرداری کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
حلقہ ایل اے 32 نمبر 6 چکار میں پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار صاحبزادہ اشفاق ظفر کے حق میں مختلف امیدواروں نے دستبرداری کا اعلان کیا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:استحکام پاکستان پارٹی کا پاور شو:آزادکشمیرکی اہم سیاسی شخصیات کا شمولیت کا اعلان
ان میں راجہ پرویز اقبال ایڈووکیٹ سعادت دانش ایڈووکیٹ اور جمعیت علماء اسلام کے امیدوار مولانا احتشام الحق شامل ہیں جبکہ آزاد امیدوار شیخ شاہد اور خواجہ عمران حمید نے بھی اپنے کاغذات نامزدگی اوپن واپس لے لئے ۔
جماعت اسلامی کے امیدوار راجہ نزاکت علی خان نے جماعت اسلامی کے امیدوار ڈاکٹر مشتاق کے حق میں دستبردار جبکہ غزالہ اشرف نے مسلم لیگ ن کے امیدوار راجہ فاروق حیدر خان کے حق میں اپنے کاغذات نامزدگی واپس لےلئے۔
دوسری جانب حلقہ ایل اے 33 نمبر 7 لیپہ ویلی میں بھی متعدد امیدوار انتخابی میدان سے دستبردار ہو گئے۔
امیدوار جے یوآئی مولانا مختیار احمد کیانی نے پیپلز پارٹی کے امیدوار دیوان علی خان کے حق میں دستبرداری کا اعلان کردیا جبکہ امتیاز ظفر بھی دیوان علی خان کی حمایت کیلئے میدان میں آگئے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:جہلم ویلی:شفیق کاظمی قیادت سے ناراض، پیپلزپارٹی سینٹرل ایگزیکٹو کونسل سے مستعفی
پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے انتخابی بائیکاٹ کے فیصلے کے بعد اجمل جلیل اور کامران کنول کیانی نے بھی اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لئے جبکہ لیاقت علی اعوان ن لیگی امیدوار چوہدری رشید کے حق میں دستبردارہوگئے
عامر روشن ،سید عاقب جاوید گیلانی اور سید شفیق کاظمی نے بھی آزاد حیثیت سے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لےلئے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق کاغذات نامزدگی کی واپسی کے بعد دونوں حلقوں میں انتخابی مقابلہ مزید واضح ہو گیا ہے جبکہ مختلف سیاسی جماعتوں کے درمیان اتحاد اور حمایت کے اعلانات نے انتخابی ماحول کو مزید دلچسپ بنا دیا ۔
کاغذات نامزدگی واپس لینے کی مدت میں 04 جولائی 2026 تک توسیع کے بعد مزید اہم سیاسی فیصلوں اور ممکنہ دستبرداریوں پر بھی سیاسی حلقوں کی نظریں مرکوز ہیں




