مظفرآباد :آزادکشمیر میں ملازمت کیلئے عمر کی بالائی حد دوبارہ 35سال بحال ہو گئی جسے کچھ نوجوانوں کیلئے خوش آئند اور کچھ بیروزگاروں کیلئے بڑا جھٹکا قرار دیا جا رہا ہے۔
آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کی جانب سے سرکاری و نیم سرکاری محکمہ جات میں ملازمت کے لیے بالائی حدِ عمر میں دی گئی رعایت سے متعلق وضاحت جاری کر دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ملازمت کا انتظار ختم! نوجوان اب اپنا کاروبار شروع کر سکیں گے، اہم ادارے کا بڑا اقدام
محکمہ کی جانب سے11نومبر کو جاری کردہ مکتوب کے مطابق نوٹیفکیشن مورخہ 25 ستمبر 2023 کے تحت سرکاری و نیم سرکاری محکمہ جات میں ملازمت کے لیے بالائی حدِ عمر میں 5سال کی رعایت دیتے ہوئے عمومی حدِ عمر 40 سال مقرر کی گئی تھی جس کی مدت 31 جولائی 2026 کو ختم ہو چکی ہے۔
محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کے مطابق یکم اگست 2026 سے آزاد کشمیر کے سرکاری و نیم سرکاری محکمہ جات میں ملازمت کے لیے نوٹیفکیشن مورخہ 15 اکتوبر 1991 کے تحت عمومی بالائی حدِ عمر 35 سال یا متعلقہ سروس قواعد میں درج بالائی حدِ عمر نافذ العمل ہوگی۔
محکمہ سروسز کے مطابق پولیس، جیل خانہ جات اور ریسکیو 1122 کیلئے مقررہ قواعد و ضوابط مستثنیٰ ہوں گے۔
یاد رہے کہ 2023میں پیپلزپارٹی کے دور حکومت میں عمر کی بالائی حد40سال کی گئی تھی جسے خوش آئند قرار دیا گیا تھا کیونکہ پڑھے لکھے بیروزگار نوجوان جو عمر کی بالائی حد پوری کرچکے تھے وہ بھی مستفید ہو رہے تھے۔
یہ بھی پڑھیں:سرکاری ملازمتوں،تعلیمی اداروں میں داخلوں کا کوٹہ،سپریم کورٹ کا تاریخی فیصلہ
سابق وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے عمر کی بالائی حد 40سال کی حد میں مزید ایک سال کی رعایت دیتے ہوئے 41سال مقرر کی تھی لیکن اب دوبارہ سے 35سال کردی گئی ہے جسے نوجوانوں کیلئے ایک جھٹکا قرار دیا جا رہا ہے۔





