اسلام آباد:مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور وزیر اعظم شہباز شریف سمیت پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے پیر کو اسلام آباد میں پنجاب ہاؤس میں مسلم لیگ(ن) گلگت بلتستان کے پارلیمانی بورڈ کے اجلاس کی صدارت کی اور ٹکٹوں کو حتمی شکل دی گئی جبکہ آزادکشمیر کےٹکٹوں پارلیمانی بورڈ کا آج منگل کو ہونیوالا اجلاس ملتوی کردیا گیا ہے۔
اجلاس میں بورڈ کے ارکان نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال ،وزیر دفاع خواجہ آصف،وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز، حمزہ شہباز، خواجہ سعد رفیق نے شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم آزادکشمیر نے پنجاب میں ن لیگ کو سرپرائز دینے کا اعلان کردیا
اجلاس میں مسلم لیگ ن گلگت بلتستان کے صدر حفیظ الرحمان اور پارٹی کے سینئر رہنما جن میں سینیٹر پرویز رشید، رانا ثناء اللہ، مریم اورنگزیب، انوشہ رحمان، کیپٹن (ر) محمد صفدر اور چوہدری برجیس طاہر بھی شریک تھے۔
اس کے علاوہ اجلاس میں وزیر امورکشمیر و گلگت بلتستان، مسلم لیگ ن خیبر پختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام ،گلگت بلتستان کے رہنما حاجی اکبر تابان، شمس میر، محمد اشرف صدا، محمد انور، ارمان شاہ، سلطان علی خان اور محمد عمران وکیل نے پارلیمانی بورڈ کے ممبر کی حیثیت سے شرکت کی۔
اس سے قبل گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے مسلم لیگ ن کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے گزشتہ ہفتے ثناء اللہ اور مقام سے ملاقات کی تھی جس میں آئندہ عام انتخابات کی تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔
اجلاس میں جی بی کی مجموعی سیاسی صورتحال، تنظیمی امور اور مستقبل کی انتخابی حکمت عملی پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔انتخابی مہم کو تیز کرتے ہوئے تمام حلقوں میں مضبوط، قابل اور مقبول امیدوار کھڑے کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:ن لیگ باغ حکومت کیخلاف سڑکوں پر آگئی،28اپریل کا الٹی میٹم
یادرہے کہ ا لیکشن کمیشن گلگت بلتستان نے 12 اپریل کو ایک نوٹیفکیشن میں گلگت بلتستان اسمبلی کے عام انتخابات کے لیے 7 جون کو پولنگ ڈے کا اعلان کیا ہے۔
دوسری طرف مسلم لیگ(ن) آزادکشمیر کے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس آج منگل کو طلب کیا گیا تھا لیکن اسلام آباد میں مذاکرات کے پیش نظر اجلاس ملتوی کردیا گیا۔




