فیصل راٹھور نے خود کہا آپ اپنا’’راستہ‘‘ دیکھ لیں، خواجہ طارق سعید کا انکشاف

وزیراعظم آزادکشمیر فیصل ممتاز راٹھور کی جیت میں اہم کردار ادا کرنے والے ممبر کشمیر کونسل خواجہ طارق سعید نے انکشاف کیا ہے کہ فیصل راٹھور نے مجھے خود کہا کہ میں نے الیکشن لڑنا آپ اپنا دیکھ لیں۔

حویلی یوتھ کلب کے نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ طارق سعید نے انکشاف کیا کہ جب فیصل ممتاز راٹھور وزارت عظمیٰ سے قبل ڈاکٹر عزیز کی رہائش گاہ پر تشریف لائے تو انہوں نے کھل کر اپنے آئندہ سیاسی ارادوں کا اظہار کیا اس کے گواہ بھی موجود ہیں۔انہی کے حکم پر میں یہ کررہا ہوں۔

یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم فیصل راٹھور کا دورہ کھوئیرٹہ،رفیق نیئر کی کارکنوں کو بھرپور شرکت کی ہدایت

انہوں نے کہا کہ اسی موقع پر میں نے فیصلہ کر لیا تھا کہ اب وقت آ چکا ہے کہ میں خود میدان میں اتر کر عوام کی نمائندگی کروں۔یہ کوئی بات نہیں کہ میں غداری کررہا ہوں۔

آج میں پورے یقین اور اعتماد کے ساتھ یہ بات کہتا ہوں کہ مجھے کسی دباؤ کا سامنا ہے اور نہ کسی خوف کاکیونکہ میرا سہارا صرف اللہ تعالیٰ ہے اور نیت عوام کی خدمت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہماری سیاست کا محور صرف اور صرف عوام ہیں۔ہم برادری، ذات پات اور ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر ایک ایسا نظام چاہتے ہیں جہاں انصاف سب کے لیے برابر ہو۔ہم تقسیم نہیں، اتحاد کی بات کرتے ہیں۔

طارق سعید کا کہنا تھا کہ ہم نفرت نہیں، محبت اور بھائی چارے کو فروغ دینا چاہتے ہیں ،ہمارا مشن واضح ہے،ہر فرد کو اس کا حق ملے۔

یہ بھی پڑھیں:خواجہ طارق سعید وزیراعظم فیصل راٹھور کیلئے چیلنج بن گئے،مشکلات میں اضافہ

انہوں نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ہی اس قوم کا مستقبل ہیں، آپ کے جذبے اور حوصلے سے ہی تبدیلی آئے گی،بس ساتھ کھڑے رہیں اور حق کا ساتھ دیں۔

یاد رہے کہ فیصل ممتاز راٹھور خواجہ طارق سعید کی حمایت سے ہی حلقہ سے کامیاب ہوئے ہیں اور سیاسی مبصرین کا خیال ہے کہ طارق سعید فیصل ممتاز راٹھور سے زائدووٹ بینک رکھتے ہیں یوں طارق سعید کا فیصلہ فیصل راٹھور کیلئے مستقبل میں خطرہ بن سکتا ہے۔

Scroll to Top