باغ:ممبر قانون ساز اسمبلی سردار میر اکبر خان کی قیادت میں باغ میں مسلم لیگ ن نے بڑااحتجاجی مظاہرہ کیا ہے اور حکومت پر فنڈز روکنے، سڑکوں پر کٹ لگانے، ہیلتھ کارڈ کی بندش ،انتقامی کارروائیوں ، تعلیمی پیکیج میں ردوبدل کا الزام لگا دیا ہے۔
سردار میراکبر نے حکومت کو ایک ہفتہ کا وقت دیتے ہوئے کہا کہ مطالبات منظور نہ ہونے تو 28 اپریل سے احتجاجی تحریک کا آغاز کریں گے اور باغ میں سرکاری مشینری جام کر دیںگے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم آزادکشمیر نے پنجاب میں ن لیگ کو سرپرائز دینے کا اعلان کردیا
سردار میر اکبر خان نے کہا کہ حکومت حلقہ شرقی باغ کی 30 کلومیٹر سڑکوں پر کٹ لگا دیا ہے، شرقی باغ میں ہمارے تمام جاریہ منصوبوں کے فنڈز روک دیئے ہیں اور ہیلتھ کارڈ بند کر دیا ہے۔
سرکاری ملازمین کے انتقامی تبادلوں کا جھکڑ چل رہا ہے، حکومت کے پاس صرف 20 دن کا ٹائم رہ گیا ہے جس کے بعد الیکشن شیڈول کا اعلان ہونے والا ہے۔
انہوں نے کہا حکومت اتنی انتقامی کارروائیاں کرے جتنا کل وہ برداشت کر سکیں، 2026 کا الیکشن مسلم لیگ ن بھاری اکثریت سے جیت کر تمام ناانصافیوں کا ازالہ کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے منصوبوں کے فنڈز روک کر جعلی اعلانات کر کے فنڈز منتقل کئے جا رہے ہیں،حکومت نے شرقی باغ میں ہمارے تمام منصوبوں کو روک کر ہمارے کارکنوں کو بدترین انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنانے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کو اصلاح احوال کیلئے 1 ہفتے کا وقت دیتے ہیں کہ وہ شرقی باغ میں انتقامی کارروائیاں بند کرے ورنہ 28 اپریل سے حکومتی مشینری جام کر کے احتجاجی تحریک کا آغاز کر دیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پیراشوٹرز کی آمد,ن لیگ میں پھڈا، فیصل راٹھور کا مظفرآباد سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ
اس موقع پر ایک قرار داد کے ذریعے وزیر اعظم شہبازشریف ، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کوعالمی امن کیلئے کوششوں پر مبارکباد پیش کی گئی ۔
میئر میونسپل کارپوریشن باغ میجر ریٹائرڈ عبدالقیوم، ممبران ضلع کونسل سردار رشید طاہری، سردار آفتاب، سردار خلیل ، میونسپل کونسلر سید کامران قلندر گردیزی، ظہیر مغل سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔




