مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل) وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں سرمایہ کاری کا فروغ اور صنعتی ترقی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہیں۔
سرمایہ کاروں کو تحفظ فراہم کرنے اور ان کیلئے ہر ممکن سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم افتخار گیلانی نے کابینہ ارکان کے قلمدانوں میں ردوبدل کی منظوری دیدی
وزیراعظم افتخار گیلانی محکمہ صنعت و معدنی وسائل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے ہدایت کی کہ سرمایہ کاروں کو درپیش مشکلات دور کرنے کیلئے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کیلئے سازگار ماحول فراہم کیا جائے۔
وزیراعظم افتخار گیلانی نے کہا کہ سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے ون ونڈو آپریشن جلد شروع کیا جائے گا، جس کا مقصد سرمایہ کاری سے متعلق امور کو آسان بنانا اور سرمایہ کاروں کو ایک ہی مقام پر ضروری سہولیات فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صنعتی ترقی سے ریاست میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
حکومت چاہتی ہے کہ آزاد کشمیر میں سرمایہ کاری کیلئے سازگار حالات پیدا کیے جائیں تاکہ صنعتی شعبے کو ترقی دی جا سکے اور مقامی سطح پر کاروباری مواقع میں اضافہ ہو۔
وزیراعظم نے محکمہ صنعت و معدنی وسائل کو ہدایت کی کہ آزاد کشمیر میں موجود معدنی وسائل کے پوٹینشل کو بروئے کار لانے پر خصوصی توجہ دی جائے۔
انہوں نے اس شعبے کی ترقی کیلئے مؤثر منصوبہ بندی اور عملی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سرمایہ کاری کے فروغ، صنعتی ترقی اور معدنی وسائل کے مؤثر استعمال سے ریاست کی معیشت کو مضبوط بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:منصوبوں کے اعلانات کافی نہیں، بروقت تکمیل، معیار،موثر مانیٹرنگ ناگزیر، افتخار گیلانی
ان کا آخر میں کہنا تھا کہ متعلقہ محکمے اس مقصد کیلئے اپنی کوششیں تیز کریں تاکہ ترقیاتی اہداف حاصل کئے جا سکیں۔




