اسلام آباد (کشمیر ڈیجٹیل)پولیو وائرس کا پھیلاؤ، خیبر پختونخوا کے ضلع کرک میں 14 ماہ کی بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق کے بعد رواں سال ملک میں رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 10 ہوگئی ہے، جن میں 8 خیبر پختونخوا اور 2 سندھ سے سامنے آئے ہیں۔
نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (نیشنل ای او سی) کے مطابق کرک میں رپورٹ ہونے والے پولیو کیس کا جینیاتی تعلق جنوبی خیبر پختونخوا میں موجود وائرس سے ہے، جبکہ صوبے میں سامنے آنے والے 8 کیسز میں سے 4 جنوبی خیبر پختونخوا سے رپورٹ ہوئے ہیں۔
نیشنل ای او سی کا کہنا ہے کہ پولیو ایک لاعلاج مرض ہے، تاہم ویکسین کے ذریعے بچوں کو اس مہلک بیماری سے محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔
ہہ بھی پڑھیں :صبح کے وقت زیادہ دیر سونا صحت میں گراوٹ کی علامت:ماہرین
وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام اور بچوں کو مستقل معذوری سے بچانے کے لیے رواں سال کی تیسری اور آخری قومی انسدادِ پولیو مہم 12 سے 18 دسمبر تک ملک بھر میں منعقد کی جائے گی۔
ایک ہفتے جاری رہنے والی اس مہم کے دوران ملک کے 167 اضلاع میں 5 سال سے کم عمر 4 کروڑ 50 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جبکہ ہر اہل بچے کو وٹامن اے کی اضافی خوراک بھی فراہم کی جائے گی۔
نیشنل ای او سی کے مطابق 2026 کی آخری قومی انسدادِ پولیو مہم پاکستان اور افغانستان میں بیک وقت چلائی جائے گی، تاکہ وائرس کی منتقلی روکنے اور بچوں کو پولیو سے محفوظ بنانے کی کوششوں کو مؤثر بنایا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں 3.24 کروڑ پاکستانی ذہنی امراض، 1.29 کروڑ ہیپاٹائٹس کا شکار، وزارت قومی صحت
نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر نے والدین پر زور دیا ہے کہ وہ ہر انسدادِ پولیو مہم کے دوران اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو ویکسین کے دو قطرے لازمی پلوائیں اور حفاظتی ٹیکہ جات کا کورس بھی مقررہ وقت پر مکمل کروائیں۔
نیشنل ای او سی نے معاشرے کے تمام طبقات سے اپیل کی ہے کہ پولیو کے خاتمے کے لیے قومی کوششوں میں بھرپور تعاون کریں اور ہر بچے تک ویکسین کی رسائی یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔




