آزاد کشمیر حکومت

وزیراعظم افتخار گیلانی نے کابینہ ارکان کے قلمدانوں میں ردوبدل کی منظوری دیدی

مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل)وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے کابینہ کے بعض ارکان کے محکموں اور ذمہ داریوں میں تبدیلی کی منظوری دے دی، جس کے بعد متعلقہ محکموں کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق کابینہ کے تین وزراء کے قلم دانوں میں ردوبدل کیا گیا ہے۔ نئی ذمہ داریوں کی تقسیم کا مقصد مختلف سرکاری شعبوں کی نگرانی کو مزید مؤثر بنانا اور حکومتی امور میں انتظامی بہتری لانا قرار دیا گیا ہے۔

عبدالرحمان آرائیں کو متعدد محکمے تفویض

نوٹیفکیشن کے مطابق عبدالرحمان آرائیں کو صنعت اور لیبر کے ساتھ سیری کلچر، پرنٹنگ پریس، کھیل، امور نوجوانان، ثقافت، سیاحت اور آثار قدیمہ کے محکمے بھی سونپ دئیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ کامرس اور اوزان و پیمائش کے شعبے بھی ان کی ذمہ داریوں میں شامل کردیئے گئے ہیں۔

ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی کو اضافی قلمدان

ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی کے پاس پہلے سے موجود محکمہ صحتِ عامہ کے ساتھ اب بہبودِ آبادی کا قلمدان بھی دے دیا گیا ہے۔ نئی ذمہ داری کے بعد وہ دونوں شعبوں کی نگرانی کریں گے۔

محمد ریاست خان کو بورڈ آف ریونیو

کابینہ میں ردوبدل کے تحت محمد ریاست خان کو بورڈ آف ریونیو کا محکمہ تفویض کیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن میں وزراء کو نئی ذمہ داریوں کے مطابق متعلقہ محکموں کی نگرانی کا پابند بھی کیا گیا ہے۔

حکومتی اصلاحاتی پروگرام پر توجہ

ذرائع کے مطابق کابینہ کے قلمدانوں میں تبدیلی کا بنیادی مقصد حکومت کے 100 روزہ اصلاحاتی پروگرام پر مؤثر انداز میں عملدرآمد اور مختلف محکموں کی کارکردگی بہتر بنانا ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم آزاد کشمیر سے چیئرمین MSFN کی اہم ملاقات، تعلیمی امور پر تبادلہ خیال

حکومتی حلقوں کے مطابق وزراء کو ان کی ذمہ داریوں اور ترجیحات کے مطابق محکمے دینے سے انتظامی امور میں بہتری لانے میں مدد ملے گی۔