اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل) پہلے پاکستانی خلا باز ذیشان علی کی خلائی مشن میں شرکت کو پاک چین دوستی اور سائنسی تعاون کی بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے اعلان کیا ہے کہ اس تاریخی موقع کی یاد میں 25 نومبر کو ہر سال منایا جائے گا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستانی خلا باز کی خلائی مشن میں شرکت سے عالمی سطح پر ملک کے وقار میں اضافہ ہوا ہے اور یہ کامیابی پاکستان کی بڑھتی ہوئی سائنسی صلاحیتوں کا ثبوت ہے۔
عطاء تارڑ نے خصوصی مرکز ’’کہکشاں مشن کنٹرول سینٹر‘‘ کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ مرکز پاکستان کے خلائی سفر، سائنسی تحقیق اور مستقبل کے عزائم کی عکاسی کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں پاک چین دوستی کہکشاؤں تک جا پہنچی،ذیشان علی 25کروڑ پاکستانیوں کی امیدیں لے کر خلا میں پہنچ گئے، نئی تاریخ رقم
مختصر وقت میں بھرپور محنت اور لگن کے ساتھ تیار کیا گیا ہے، جبکہ یہ مرکز چار روز تک فعال رہے گا، جہاں شہریوں کو خلائی سائنس سے متعلق ڈاکومنٹریز دیکھنے کا موقع بھی فراہم کیا جائے گا۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان کے پہلے خلا باز ذیشان علی نے ملک کا نام روشن کیا ہے، پوری قوم کو ان کی کامیابی پر فخر ہے۔ اس تاریخی کامیابی میں سائنسدانوں، سپارکو اور مسلح افواج کی خدمات قابل تحسین ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاک چین دوستی مختلف شعبوں میں نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے اور خلائی تحقیق میں تعاون اس شراکت داری کی نمایاں مثال ہے۔
عطاء اللہ تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ سپارکو خلائی تحقیق کے میدان میں اہم خدمات انجام دے رہا ہے، جبکہ مختلف شعبوں میں پاکستان کی کامیابیاں عالمی سطح پر ملک کی عزت اور وقار میں اضافے کا باعث بن رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں :پی ٹی آئی پر پابندی سے متعلق رائے دینا قبل ازوقت، عطااللہ تارڑ
قبل ازیں عطاء اللہ تارڑ نے فیتہ کاٹ کر ’’کہکشاں مشن کنٹرول سینٹر‘‘ کا افتتاح کیا اور مختلف شعبوں کا دورہ کیا۔ انہیں مرکز کی کارکردگی اور طریقہ کار پر بریفنگ بھی دی گئی۔
مرکز میں پہلے پاکستانی خلا باز ذیشان علی کی تصاویر آویزاں کی گئی ہیں، جبکہ سپارکو کا خصوصی اسٹال بھی قائم کیا گیا ہے۔
وزیراعظم کے میڈیا کوآرڈینیٹر بدر شہباز وڑائچ، وفاقی سیکریٹری اطلاعات و نشریات اشفاق احمد خلیل اور وزارت اطلاعات کے دیگر اعلیٰ حکام بھی ا س موقع پر موجود تھے، وفاقی وزیر نے مرکز کے نوٹس بورڈ پر اپنا خصوصی پیغام بھی درج کیا۔




