منصوبوں کے اعلانات کافی نہیں، بروقت تکمیل، معیار،موثر مانیٹرنگ ناگزیر، افتخار گیلانی

کوٹلی(کشمیر ڈیجیٹل) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر  افتخار گیلانی نے کہا کہ گزشتہ پانچ سال کے دوران انفراسٹرکچر، بالخصوص سڑکوں سمیت کوئی بڑا منصوبہ نہیں لگایا گیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت جامع منصوبہ بندی، واضح ترجیحات اور مقررہ ٹائم فریم کے تحت تعمیر و ترقی کے منصوبے مکمل کرے گی۔

حکومت عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی، اداروں کی بہتری، روزگار کے مواقع اور ترقیاتی عمل کو تیز کرنے کے لیے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے۔ سو روزہ پروگرام کے تحت مقررہ اہداف پر مرحلہ وار عملدرآمد کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وہ پانچ سال وزیر تعلیم رہے ہیں اور اس عرصہ میں انہیں تعلیمی اداروں کی اپ گریڈیشن کی اہمیت کا بخوبی ادراک ہوا۔

تاہم صرف اداروں کی اپ گریڈیشن کافی نہیں بلکہ اساتذہ کی کیپسٹی بلڈنگ اور پیشہ ورانہ استعداد میں اضافہ بھی ضروری ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:میرپور:نیلم ویلی کے طالبعلم کی مبینہ خودکشی، تحقیقات شروع

حکومت تعلیمی معیار بہتر بنانے، اساتذہ کی تربیت اور تعلیمی اداروں کو مضبوط بنانے پر خصوصی توجہ دے گی۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ انٹرنیٹ سروس کی بحالی کیلئے مرحلہ وار فیصلہ کیا اور کوٹلی کیلئے تین دن کا اعلان کیا گیا جس کے مطابق انٹرنیٹ سروس بحال کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ جدید دور کے تقاضوں کے مطابق عوام کو ڈیجیٹل سہولیات کی فراہمی ضروری ہے۔

حکومت ایک ڈیجیٹل پورٹل قائم کرنا چاہتی ہے جس کے ذریعے عوام کو حکومتی ٹینڈرز، ترقیاتی منصوبوں اور مختلف حکومتی اقدامات تک براہ راست رسائی حاصل ہو سکے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے ان خیالات کا اظہار احاطہ کچہری کوٹلی میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے زیر اہتمام منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر کے تمام اضلاع میں ترقیاتی ضروریات کا جائزہ لے گی اور عوامی ضرورت کے مطابق ترجیحات طے کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ صرف منصوبوں کے اعلانات کافی نہیں بلکہ ان کی بروقت تکمیل، معیار اور مؤثر مانیٹرنگ بھی ضروری ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:کالعدم ایکشن کمیٹی کے شرپسندوں کی فائرنگ، کانسٹیبل زخمی،سرچ آپریشن شروع

حکومت دستیاب وسائل کو بہتر انداز میں بروئے کار لاتے ہوئے عوامی مسائل کے حل کو یقینی بنائے گی۔

وزیر سیاحت، صنعت و معدنی وسائل چوہدری عبدالرحمن نے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوٹلی شہر کا سب سے بڑا مسئلہ پانی کا ہے ،ٹریفک کے بھی مسائل ہیں ،رنگ روڈ کوٹلی کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہسپتال کی اپ گریڈیشن بھ ناگریرہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے پاکستان میں عوامی فلاح و بہبود، معاشی استحکام، ترقیاتی منصوبوں اور عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی کے ایجنڈے کو آگے بڑھایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی وفاقی حکومت کی کارکردگی کو سیاسی تنقید اور مختلف دعوؤں کے بجائے عملی اقدامات اور عوام کو فراہم کیے جانے والے ریلیف کی بنیاد پر دیکھنا چاہیے۔

چوہدری عبدالرحمن وزیر حکومت  نے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے مسلم لیگ (ن) کی حکومت پر کی جانے والی تنقید کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی اختلاف جمہوری عمل کا حصہ ہے، تاہم عوام کے سامنے کارکردگی اور عملی نتائج بھی موجود ہیں۔

ان کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے پاکستان میں ترقیاتی منصوبوں، معیشت، انفراسٹرکچر اور عوامی سہولیات کو ترجیحات میں شامل رکھا ہے اور آزاد کشمیر میں بھی اسی طرز پر عوامی خدمت اور تعمیر و ترقی کا ایجنڈا آگے بڑھایا جائے گا۔