ورلڈ کپ اسنوکر میں پاکستان کا راج، سیمی فائنل کی تین نشستیں پاکستانی کھلاڑیوں کے نام

مسقط (کشمیر ڈیجٹیل) ورلڈ کپ اسنوکر میں پاکستانی کیوئسٹس نے اپنی شاندار کارکردگی سے حریفوں کو پیچھے چھوڑ دیا۔

 تین پاکستانی کھلاڑیوں نے سیمی فائنل میں جگہ بنا کر عالمی ایونٹ کے فائنل میں پاکستان کی نمائندگی یقینی بنادی، جبکہ فائنل میں دونوں حریفوں کے پاکستانی ہونے کا امکان بھی روشن ہوگیا ہے۔

عمان کے دارالحکومت مسقط میں جاری ورلڈ کپ اسنوکر کے مینز سنگلز ایونٹ میں پاکستان کے محمد آصف، رانا عرفان اور اسجد اقبال نے اپنے اپنے کوارٹر فائنلز میں کامیابی حاصل کرکے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ تاہم مبشر رضا کو رانا عرفان کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

پاکستان کے تجربہ کار کیوئسٹ محمد آصف نے کوارٹر فائنل میں انگلینڈ کے ہاروے چینڈلر کو 1-4 سے شکست دی۔

 محمد آصف نے ابتدائی تین فریمز جیت کر حریف پر دباؤ بڑھایا، تاہم انگلش کھلاڑی نے چوتھے فریم میں 99 کی شاندار بریک کھیل کر مقابلے میں واپسی کی کوشش کی۔

 محمد آصف نے پانچواں فریم جیت کر سیمی فائنل میں جگہ پکی کرلی۔ ان کی کامیابی کا فریم اسکور 95-0، 58-1، 71-57، 11-99 اور 64-0 رہا۔

یہ بھی پڑھیں پی سی بی نے سابق آسٹریلوی کرکٹر کو پاکستان ویمنز ٹیم کاہیڈ کوچ مقررکردیا

دوسرے کوارٹر فائنل میں پاکستانی کھلاڑیوں رانا عرفان اور مبشر رضا کے درمیان مقابلہ ہوا، جس میں رانا عرفان نے 1-4 سے کامیابی حاصل کی۔

 مبشر رضا نے پہلے فریم میں 66 کی بریک کے ساتھ برتری حاصل کی، تاہم رانا عرفان نے زبردست کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسلسل چار فریمز جیت لیے۔

 انہوں نے تیسرے فریم میں 105 کی سنچری بریک بھی کھیلی۔ادھر اسجد اقبال نے ایران کے عامر سرکوش کے خلاف دو فریمز کے خسارے سے شاندار واپسی کرتے ہوئے 2-4 سے کامیابی حاصل کی۔

یہ بھی پڑھیں ون ڈے کرکٹ : ویرات کوہلی بدترین ریکارڈ میں ٹنڈولکر کے برابر آگئے

ابتدائی دو فریمز ہارنے کے بعد اسجد اقبال نے مسلسل چار فریمز جیت کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی، آخری دو فریمز میں انہوں نے 83 اور 88 کی بریکس کھیلیں۔

ورلڈ کپ اسنوکر کے مینز سنگلز ایونٹ کے سیمی فائنلز اور فائنل جمعرات کو کھیلے جائیں گے، جہاں پاکستانی کھلاڑیوں کے پاس ٹائٹل اپنے نام کرنے کا سنہری موقع ہوگا۔