پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق طویل القامت فاسٹ بولر محمد عرفان نے پاک بھارت میچ سے جڑا ایک دلچسپ واقعہ سنا دیا ۔
محمد عرفان نے ایک حالیہ پوڈ کاسٹ میں شرکت کے دوران اپنے کرکٹ کیریئر، سابق کھلاڑیوں اور میدان میں پیش آنے والے مختلف واقعات پر گفتگو کی۔ اسی دوران انہوں نے پاک بھارت مقابلے کا ایک یادگار قصہ بھی شیئر کیا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پی سی بی : آزاد کشمیر میں کرکٹ ٹرائلز کا باضابطہ شیڈول جاری
سابق فاسٹ بولر کے مطابق ایک میچ میں وہ بھارت کے خلاف باؤلنگ کر رہے تھے۔ ایک گیند کرانے کے بعد وہ حسب معمول واپس اپنے رن اپ کی جانب جانے لگے تو اس وقت کے کپتان مصباح الحق نے انہیں روک کر ایک دلچسپ مشورہ دیا۔
عرفان کے مطابق مصباح نے کہا کہ گیند کرانے کے فوراً بعد پیچھے جانے کے بجائے بیٹر کی طرف دیکھو اور کچھ دیر اسے گھورتے رہو۔ محمد عرفان نے بتایا کہ اس کے بعد انہوں نے اسی انداز کو آزمانے کا فیصلہ کیا۔اس موقع پر بھارتی ٹیم کے جارح مزاج بیٹر یوراج سنگھ کریز پر موجود تھے۔
عرفان نے ایک وائیڈ گیند کرانے کے باوجود اپنی نظریں یوراج پر جمائے رکھیں اور انہیں دیکھتے ہوئے آگے بڑھتے رہے۔
محمد عرفان نے کہا کہ یوراج نے بعد میں ایک رن مکمل کرنے کے بعد شعیب ملک سے کہا کہ وہ عرفان کو کہیں تھوڑا پرسکون رہیں کیونکہ وہ پہلے ہی ان کی رفتار سے پریشان ہیں اور وائیڈ گیند کے بعد بھی عرفان کا اس طرح گھورنا انہیں مزید دباؤ میں ڈال رہا ہے۔
واضح رہے کہ محمد عرفان اپنے غیر معمولی قد اور تیز رفتار باؤلنگ کی وجہ سے اپنے دور میں خاص پہچان رکھتے تھے۔
سابق بھارتی بیٹر ویرات کوہلی بھی ان کی گیند کی رفتار کا ذکر کر چکے ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستان کرکٹ ٹیم کے باؤلنگ کوچ ایشلے نوفکی کا استعفیٰ
کوہلی کے مطابق عرفان کی گیند اتنی تیزی سے گزرتی تھی کہ بیٹر کو ردعمل کا زیادہ موقع نہیں ملتا تھا۔




